کراچی ایئرپورٹ پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ہنگامی لینڈنگ کرنے والے بھارتی طیارے کے مسافر پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر نظر آئے۔
پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے رائے جاننے کے لیے دیے جانے والے کارڈز پر بھارتی مسافروں نے پاکستانی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایک مسافر نے تو دوبارہ پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔
شارجہ سے بھارتی شہر حیدرآباد دکن جانے والی انڈیگو ایئر لائن کی پرواز دوران سفر فنی خرابی سے دوچار ہوئی تھی، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پائلٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد ضروری کارروائی کرکے پاکستان سول ایوی ایشن نے جہاز کے عملے سمیت 196 مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا، جہاں مسافروں کو ناشتہ کروایا گیا۔
پرواز کی فنی خرابی درست کرنے کے لیے بھارت سے ایک اور پرواز انجینیئرز لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچی اور مرمت کے بعد دونوں جہاز بھارت روانہ ہوگئے۔
روانگی سے پہلے پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے بھارتی مسافروں کو تبصرے کے لیے کارڈز دیے گئے، جن پر انہوں نے انتہائی دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
شجین نامی مسافر نے لکھا: ’میں بہت خوش ہوں کہ میں مختصر وقت کے لیے بھی یہاں آیا۔ یہاں آنا ایک خواب تھا جو پورا ہوا۔ پیارے لوگوں کے ساتھ کچھ وقت گزارنا میری خوش نصیبی ہے۔مہمان نوازی کا شکریہ۔ میں آپ سب کے لیے دعاگو ہوں۔‘
ایک مسافر نے لکھا: ’بہترین مہمان نوازی کا شکریہ۔‘
فیروز نامی مسافر نے لکھا: ’ہم سب انڈیگو پرواز کے مسافر جو شارجہ سے حیدرآباد جارہے تھے اور فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی مہمان نوازی متاثر کن اور یادگار ہے۔‘
مسافر سید خالد نے اپنے کارڈ میں لکھا: ’سٹاف بہت معاون اور مددگار تھا۔ پاکستانی حکومت کا شکریہ۔ میں ایک بار تمام دستاویزات کے ساتھ یہاں دوبارہ آنا چاہتا ہوں۔‘
یہ چوتھی بھارتی پرواز تھی، جس نے رواں ماہ جولائی کے دوران کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
اس سے پہلے چھ جولائی کو بھارتی نجی ایئر لائن ’سپائس جیٹ‘ کے طیارے نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی جبکہ گذشتہ ہفتے بھارتی شہر ناگپور سے بحرین جانے والے دو طیاروں نے کراچی ایئرپورٹ پر ایندھن بھروانے کے لیے لینڈ کیا تھا۔