پنجاب کے شہر قصور میں سیر و سیاحت کے لیے آنے والے چینی شہری سن گونگ پنگ سے مبینہ طور پر دھوکے سے تین لاکھ روپے ہتھیانے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ کرنے کے لیے چینی شہری کو گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد لینا پڑی، جس کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے سن گونگ پنگ کی رقم انہیں واپس لوٹا دی۔
رقم واپس ملنے پر چینی باشندے نے چینی زبان میں ’پنجاب پولیس زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
تھانہ مصطفیٰ آباد کے ایس ایچ او علی اکبر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ہمیں 15 ہیلپ لائن پر ایک راہ گیر کی کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ ایک چینی شہری کے ساتھ واردات ہو گئی ہے۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ’یہ چینی شہری اس وقت لاہور اور قصور کے ٹول پلازہ پر ایک پٹرول سٹیشن پر تھا اور انتہائی پریشان حالت میں تھا۔‘
’چینی شہری سن گونگ پنگ کو اردو نہیں آتی تھی، اس لیے وہ ہمیں اپنی بات نہیں سمجھا پا رہا تھا۔ میں نے پھر گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے اس سے سارا واقعہ پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ لاہور کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔‘
گوگل ٹرانسلیٹر گوگل کی ایک ایسی ایپ ہے جس کی مدد سے کسی بھی زبان کا اپنی مطلوبہ زبان میں ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔
گوگل کے مطابق اس وقت گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے تقریباً 133 زبانوں میں ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تھانہ مصطفیٰ آباد کے ایس ایچ او علی اکبر نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا ایپ کی مدد سے چینی شہری نے بتایا کہ دو نامعلوم افراد اسے پہلے لاہور کے نواحی علاقے میں پولیتھین بنانے والی فیکٹری میں لے گئے اور پھر وہاں سے قصور اور لاہور کے ٹول پلازہ پر لائے اور پھر مصطفیٰ آباد نہر پر لے گئے، جہاں انہوں نے اس کا بیگ چھین لیا۔‘
علی اکبر نے بتایا کہ ملزمان کا پہلا سراغ فیکٹری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملا، وہاں سے ہم نے ان کا معلوم کیا تو پتہ چلا کہ دونوں ملزمان فیکٹری کے ملازمین تھے جن میں سے ایک کا تعلق لیہ جبکہ دوسرے کا گھوٹکی سے ہے۔‘
’ہم نے جگہ جگہ چھاپے مارنا شروع کیے تو دونوں ملزمان قصور کے قریبی علاقے کوٹ رادھا کشن سے برآمد ہوئے جہاں یہ ایک اینٹیں بنانے والے بھٹے پر سوئے ہوئے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں ملزمان کو بروقت گرفتار کیا گیا کیونکہ دونوں ٹرین کے ذریعے شہر سے فرار ہونے والے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ مصطفیٰ آباد کا کہنا ہے کہ چینی شہری کے بیگ میں پاکستانی تین لاکھ روپے اور کچھ اہم کاغذات تھے جنہیں پولیس نے ملزمان سے برآمد کیا اور سن گونگ پنگ کو واپس کر دیا۔