اسلام آباد کے سیف سٹی پراجیکٹ کے ایک سینیئر افسر کی پھندا لگی لاش ہفتے کو وفاقی دارالحکومت میں ان کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق سیف سٹی پراجیکٹ کے ڈائریکٹر سسٹم عبدالقدیر کی لاش ہفتے کی صبح دیکھی گئی اور ان کے اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان قمر کے مطابق عبدالقدیر نے بظاہر اپنے آپ کو پھندا لگا کر خودکشی کی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ کے مطابق ’سینیئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں مارگلہ ٹاؤن میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عبدالقدیر این ٹی سی میں گریڈ 19 کے افسر تھے اور آج کل اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ ڈیپوٹیشن پر خدمات سرانجام سے رہے تھے۔
ٹویٹ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں۔
عبدالقدیر کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تھا اور ان کے لواحقین میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں گذشتہ دو دنوں کے دوران یہ دوسرا اندوہناک واقعہ ہے۔ جمعے کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں ایک شخص نے اپنی کینیڈین نژاد بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔