انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے انڈیا پر الزام عائد کیا ہے کہ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے چارلی ڈین کو متنازع ’منکڈ‘ رن آؤٹ کرنے سے قبل وارننگ دینے کے بارے میں ’جھوٹ‘ بولا۔
میزبان ٹیم لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہدف کا تعاقب کر رہی تھی جب انڈین گیند باز دیپتی شرما نے حریف ٹیم کی بلے باز چارلی ڈین کو آؤٹ کیا، جو اپنی کریز سے مکمل طور پر باہر تھیں۔
کرکٹ قوانین کے تحت بولر والی سائڈ سے بلے باز کو رن آؤٹ کرنے کی اجازت ہے لیکن کھلاڑی اسے اچھا نہیں سمجھتے۔
آؤٹ ہونے کے اس انوکھے طریقے کا نام انڈین آل راؤنڈر ونو منکڈ کے نام پر کھا گیا ہے جنہوں نے 1948 میں آسٹریلوی بلے باز بل براؤن کو رن آؤٹ کیا تھا۔
انڈیا نے انگلینڈ کو 16 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا لیکن دونوں جانب سے اس معاملے پر بیانات بھی جاری ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دیپتی شرما نے پیر کو کہا تھا کہ انڈیا نے چارلی ڈین کو بار بار متنبہ کیا تھا۔ دیپتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔
ٹیم کی کولکتہ آمد پر آف اسپنر نے کہا، ’یہ ہمارا منصوبہ تھا کیونکہ وہ بار بار ایسا کر رہی تھیں اور ہم نے انہیں متنبہ بھی کیا تھا۔
’ہم نے امپائر کو بھی مطلع کیا تھا۔ لیکن انہوں نے پھر ایسا ہی کیا، لہذا ہم اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتے تھے۔ ہم نے سب کچھ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا۔‘
دیپتی شرما کے بیان کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے ہیتھر نائٹ نے اعتراف کیا کہ چارلی ڈین کو قانون کے مطابق آؤٹ کیا گیا تھا لیکن ’کوئی انتباہ نہیں دیا گیا تھا۔‘
1/2 The game is over, Charlie was dismissed legitimately. India were deserved winners of the match and the series. But no warnings were given. They don’t need to be given, so it hasn’t made the dismissal any less legitimate… https://t.co/TOTdJ3HgJe
— Heather Knight (@Heatherknight55) September 26, 2022
انہوں نے کہا، ’انہیں وارننگ دینے کی ضرورت نہیں ہے، لہذا اس سے آؤٹ کی قانونی حیثیت کم نہیں ہوتی۔ لیکن اگر وہ رن آؤٹ کو متاثر کرنے کے فیصلے سے مطمئن ہیں تو انڈیا کو انتباہ کے بارے میں جھوٹ بول کر اس کا جواز پیش کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرنی چاہئے۔‘
2/2 But if they’re comfortable with the decision to affect the run out, India shouldn’t feel the need to justify it by lying about warnings https://t.co/TOTdJ3HgJe
— Heather Knight (@Heatherknight55) September 26, 2022
کرکٹ قوانین کی نگران میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے کہا ہے کہ تیسرے ون ڈے میں’مناسب امپائرنگ‘ کی گئی۔
ایم سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نان سٹرائیکرز کے لیے ایم سی سی کا پیغام یہ ہے کہ وہ اس وقت تک اپنی کریز میں رہیں جب تک کہ گیند کو گیند باز کے ہاتھ سے نکلتے ہوئے نہ دیکھ لیں۔
’پھراس طرح کے آؤٹ نہیں ہوں گے، جیسا کہ کل دیکھا گیا تھا۔ کل واقعی ایک دلچسپ میچ کا ایک غیر معمولی اختتام تھا، میچ میں مناسب طریقے سے امپائرنگ کی گئی تھی اور اس سے زیادہ کچھ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔‘