نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سہ فریقی سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے اتخار احمد نے 27، آصف علی نے ناقابل شکست 25 رنز اور کپتان بابر اعظم نے 21 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے لیے بولنگ کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی، مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل تینوں نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پر اعتماد کھیل پیش کیا۔
اوپنر فن ایلن نے 62 رنز بنائے جب کہ دوسرے اوپنر ڈیوون کون نے 49 ناقابل شکست رنز سکور کیے۔
پاکستانی بولرز میں کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ شاداب خان 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کر کے نمایاں رہے۔ شاہنواز دھانی کو دو اوورز میں 21 رنز اور محمد وسیم کو دو اوورز میں 19 رنز پڑے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سہ فریقی سیریز نیوزی لینڈ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری ہے۔ اب تک کے ہوئے میچز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں نے دو دو میچ جیتے اور ایک ہارا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں ہی شکست ہوئی ہے۔
سیریز کے گروپ سٹیج کے باقی دو میچز باقی ہیں۔ بدھ کو نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش اور جمعرات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ہو گا۔
جمعے کو کرائسٹ چرچ میں ہی فائنل کھیلا جائے گا۔ اگر پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو قوی امکان ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ ہی فائنل میں مد مقابل ہوں گے۔