حیدر آباد: بچوں کے سکول کی خاطر ڈھابہ کھولنے والی ’باجی‘

یاسمین گل کے مطابق ’میرے خیال میں اگر خواتین کو گھر سے باہر نکلنا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ اپنا کاروبار کرنا، رزق حلال کمانا عبادت ہے۔‘

حیدر آباد کی یاسمین گل ’باجی‘ کے نام سے پہچانی جاتی ہیں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اور گھر کا پہیہ چلانے کے لیے سیکریٹریٹ میں ایک ڈھابہ کھول کر اپنے شوہر کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

یاسمین گل نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا: ’میں بہت پریشانی کے عالم میں گھر سے نکلی تھی، گھر کا گزارا نہیں چلتا تھا اس لیے میں نے یہ کام شروع کیا۔

’چار سال سے میرے  بچے  سکول نہیں جایا کرتے تھے، میں بہت پریشانی میں مبتلا تھی۔ پھر میں سوچا کہ مجھے کچھ کرنا چاہیے، باہر نکلنا چاہیے، چند ماہ بعد میں نے اپنا چھوٹا سا کاروبار شروع کیا۔‘

انہوں نے کہا: ’بعض خواتین کہتی ہیں کہ عورتوں کا باہر کوئی کام نہیں ہوتا اور یہ صرف گھر تک ہی رہ سکتی ہیں، انہیں گھر سے نہیں نکلنا چاہیے۔ میرے خیال میں اگر خواتین کو گھر سے باہر نکلنا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ اپنا کاروبار کرنا، رزق حلال کمانا عبادت ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاسمین کا کہنا ہے کہ اگر خواتین اپنا کاروبار کریں گی تو دوسروں کو بھی دیکھ کر شعور آئے گا۔ پھر وہ بھی کرنے کا سوچیں گی۔

’آپ میری مثال لے لیں، میں خود ایک آفیسر کی بیوی ہوں لیکن میرے شوہر کی پینشن نہیں ملی تھی جس کے باعث ہمیں سخت معاشی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس لیے میں گھر سے باہر نکلی تھی جب کہ پہلے میں کبھی بھی باہر نہیں نکلی۔ مجھے باہر کام کرکے احساس ہوا کہ یہاں بہت اچھے لوگ ہیں اور میری عزت کرتے ہیں۔‘

یاسمین کے مطابق: ’میں روزانہ صبح چھ بجے اٹھ کر اپنے کام کا آغاز کر دیتی ہوں۔ میں روزانہ چکن بریانی بناتی ہوں۔ کوفتہ، بھنڈی، دال، آلو پالک، چھولے وغیرہ بناتی ہوں اور لسی سلاد، رائتہ بھی دستیاب ہوتا ہے۔‘

باجی کے پاس کھانا کھانے والے یعقوب علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا، ’میں اکثر باجی کا کھانا لینے یا دوستوں کے ساتھ کھانے آتا ہوں، وہ کھانا بہت اچھا بناتی ہیں۔‘

ایک اور کھانا کھانے والے گاہک آکاش نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں بینک میں کام کرتا ہوں، بینک کا پورا سٹاف باجی کا کھانا کھاتا ہے، یہ صاف ستھرا اور گھر کے جیسا ہوتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا