فرانس میں تیل کی قلت، ٹرانسپورٹ یونین کا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

تین ہفتے سے زیادہ وقت سے جاری ہڑتال کی وجہ سے فرانس کے پیٹرول پمپوں کو تیل کی فراہمی کم ہو کر صرف 30 فیصد رہ گئی ہے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 15 اکتوبر 2022 کو پیٹرول سٹیشن کے باہر صارفین کا رش (اے ایف پی)

فرانسیسی حکومت کے ساتھ تیل کی کمی پر مذاکرات میں تعطل کے بعد ٹرانسپورٹ یونین آج (منگل) سے ملک گیر ہڑتال پر جا رہی ہے۔

فرانسیسی حکومت نے پہیہ جام ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئل ڈپوز پر کام بند ہونے کی وجہ سے تیل کی قلت پیدا ہو گئی تھی۔ مسئلہ حل کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ یونینیوں نے حکومت سے مذاکرات کا آغاز کیا تھا لیکن بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی۔

ٹرانسپورٹ یونین نے یہ فیصلہ آئل کمپنی ٹوٹل انرجیز کی آئل ریفائنریوں اور آئل ڈپوز کے ملازمین کی اپنی ہڑتال میں توسیع کے تناظر میں کیا ہے۔ کارکنوں کی ہڑتال کے نتیجے میں ملک بھر میں تیل کی فراہمی بند ہو گئی ہے جس سے شمالی اور وسطی فرانس سمیت پیرس کا علاقہ خاص طور پر متاثر ہوا۔

تین ہفتے سے زیادہ وقت سے جاری ہڑتال کی وجہ سے فرانس کے پیٹرول پمپوں کو تیل کی فراہمی کم ہو کر صرف 30 فیصد رہ گئی ہے۔ گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے ملکی معشیت کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں کی حکومت نے بعض ہڑتالی کارکنوں کو آئل ڈپوز کھولنے کے لیے بلانے کی خاطر خصوصی اختیارات استعمال کیے جس پر کارکنوں کی یونینیں مشتعل ہو گئیں تاہم ابھی تک عدالتوں نے حکومت کی طرف سے اختیارات کے استعمال کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیر کو وزرا سے ملاقات کے بعد صدر میکروں کا کہنا تھا کہ ’ہم پوری کوشش کرتے رہیں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے بحران حل ہو جائے۔

وزیر خزانہ برونو لے میغ نے کہا کہ کارکنوں کو کام پر بلانے کے لیے خصوصی اختیارات کا استعمال ضروری تھا تاکہ ریفائنریوں اور ڈپو کو دوبارہ کھولا جا سکے۔

ہڑتال میں شریک ایف او یونین کے کے جنرل سکریٹری فریڈرک سوئیلو نے کارکنوں کو کام پر طلب کرنے کے خصوصی اختیارات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلے کا درست حل نہیں ہے۔

بائیں بازو کی یونین سی جی ٹی اور ایف او نے تنخواہوں میں اضافے اور حکومت کی جانب سے کارکنوں کے طلبی کے فیصلے کے خلاف منگل کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے دی ہے جس سے ملک خاص طورپر پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ