ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال لیکن ٹرمپ کا واپسی سے انکار

اکاؤنٹ کی بحالی کے معاملے پر ایلون مسک نے صارفین کی رائے معلوم کرنے کے لیے ایک سروے کروایا جس میں انتہائی کم فرق سے اکثریت نے اکاؤنٹ کی بحالی کے حق میں ووٹ دیا۔

تین فروری 2017 کی اس تصویر میں ٹیسلا کے سی ای او اور ٹوئٹر کے موجودہ مالک ایلون مسک اور سابق امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کر دیا لیکن سابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر پر واپس جانے کی کوئی وجہ نہیں دیکھتے۔

اکاؤنٹ کی بحالی کے معاملے پر ایلون مسک نے صارفین کی رائے معلوم کرنے کے لیے ایک سروے کروایا جس میں انتہائی کم فرق سے اکثریت نے اکاؤنٹ کی بحالی کے حق میں ووٹ دیا۔

گذشتہ شب امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’میں سن رہا ہوں میری ٹوئٹر پر واپسی کے لیے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے گئے ہیں لیکن میں وہاں جانے کی کوئی وجہ نہیں دیکھتا۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کی جانب سے ایک بار پھر وائٹ ہاؤس کی دوڑ میں حصہ لینے کے اعلان کے چند روز بعد بحال کیا گیا۔

چھ جنوری 2021 کو ٹرمپ کے حامیوں کے ہجوم کے امریکی کیپیٹل ہل پر دھاوے میں ٹرمپ کے کردار کی وجہ سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ ٹرمپ کے حامی 2020 کے صدارتی الیکشن کے نتائج کو مکمل طور پر تبدیل کروانا چاہتے تھے۔

ٹرمپ کی اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے رائے معلوم کرنے کے لیے ٹوئٹر پر 24 گھنٹے جاری رہنے والا سروے ختم ہونے کے تھوڑی دیر بعد مسک نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’لوگوں نے اپنی رائے ظاہر کر دی ہے۔ ٹرمپ کو بحال کر دیا جائے گا۔‘

انہوں نے لاطینی زبان کی کہاوت دہرائی کہ ’زبان خلق، نقارہ خدا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روزانہ ٹوئٹر استعمال کرنے والے 23 کروڑ 70 لاکھ صارفین میں سے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ لوگوں نے اس حوالے سے ووٹ دیا کہ ٹرمپ کا متنازع پروفائل کر دیا جائے یا نہیں۔ 51.8 فیصد صارفین نے اکاؤنٹ کی بحالی کے حق میں 48.2  نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔

جب ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا گیا تھا کہ تو ان کی فالورز کی تعداد آٹھ کروڑ 80 لاکھ تھی۔ ٹرمپ صدر کے عہدے پر رہتے ہوئے رائے کے اظہار کے لیے ٹوئٹر کو استعمال کرتے رہے۔ انہوں نے پالیسی اعلانات پوسٹ کیے۔ سیاسی حریفوں پر حملہ اور حامیوں کے ساتھ رابطہ کرتے رہے۔ ہفتے کو ٹرمپ کے متعدد سیاسی اتحادیوں نے ان کی ٹوئٹر پر واپسی کا خیرمقدم کیا۔

مسک نے جمعے ٹرمپ کی بحالی کے بارے میں رائے معلوم کرنے کے لیے صرف اتنا ٹویٹ کیا کہ کیا اکاؤنٹ بحال کر دیا جائے یا نہیں۔ ہفتے کو مسک نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’ٹوئٹر ٹرمپ پول دیکھنا دلچسپ ہے۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو کہا کہ انہیں ٹوئٹر پر واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ قبل ازیں دن کے وقت ٹرمپ نے اکاؤنٹ کی بحالی میں عدم دلچسپی دکھائی۔ سابق صدر نے ایک ویڈیو میں کہا کہ ’مجھے اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی۔‘ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ رپبلکن جیوش کولیشن کی سالانہ قیادت کے اجلاس میں ایک پینل کے ذریعے ٹویٹر پر واپس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنا نیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ استعمال کرنا جاری رکھیں گے۔ یہ ایپ ان کے ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) نے تیار کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے بارے میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس پر ٹوئٹر کے مقابلے میں بہتر صارفین ہیں اور یہ پلیٹ فارم بہت اچھا جا رہا ہے۔

(ایڈیٹنگ: فرخ عباس/ترجمہ: علی رضا)

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ