انڈین ریاست کیرالہ سے 2023 میں حج کی ادائیگی کی غرض سے پیدل چل کر سعودی عرب جانے کا ارداہ رکھنے والے انڈین شہری کو پاکستان کا راہداری ویزا نہ دینے کے خلاف بدھ کو لاہور ہائی کورٹ نے انٹرا کورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔
انڈین شہری شہاب چوتور ستمبر میں پاکستان کے واہگہ بارڈر پہنچے جہاں انہیں راہداری ویزا نہ مل سکا تھا۔
ویزا نہ دیے جانے کے خلاف لاہور کے ایک شہری سرور تاج نے لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
بدھ کو اس انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس اختر شبیر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔
پاکستانی شہری سرور تاج نے شہاب کو راہداری ویزا نہ دیے جانے کے معاملے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس کی سماعت جسٹس شاہد وحید نے گذشتہ ماہ کی تھی اور ان کی پٹیشن کو 12 اکتوبر کو خارج کر دیا تھا۔
اس کے بعد اس معاملے پر سرور تاج نے لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
سرور تاج نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک عام شہری ہیں اور کباڑ کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شہاب کو دیکھا اور انہیں معلوم ہوا کہ وہ واہگہ بارڈر پہنچے تھے جہاں انہیں راہداری ویزا نہیں دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرور نے بتایا کہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے اس لیے انہوں نے کوئی وکیل نہیں کیا بلکہ وہ خود اس کیس کی پیروی کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر انڈین شہری شہاب کو نہیں جانتے نہ انہیں معلوم ہے کہ وہ اس وقت واہگہ بارڈر پر ہیں یا کہیں اور لیکن انسانیت کے ناطے انہیں لگا کہ انہیں شہاب کی مدد کرنی چاہیے۔
پاکستان میں ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ شہاب کا ویزا متعلقہ اتھارٹی کے زیر غور ہے۔
عدالت میں سرور نے موقف اپنایا کہ ’اس سے پہلے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے حوالے سے سینکڑوں سکھ یاتریوں کو پاکستان کا ویزا جاری کیا گیا اور منگل کو بھی 100 کے قریب ہندو اپنی مذہبی رسومات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں لہذا شہاب بھائی کو پاکستان کا راہداری ویزا جاری کیا جائے۔‘
شہاب چوتور انڈین ریاست کیرالہ کے شہری ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا پیجز سے معلوم ہوا کہ وہ ایک پبلک فگر بن چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس رکھتے ہیں جہاں ان کے لاکھوں فالوورز ہیں۔
شہاب کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے معلوم ہوا کہ پیدل چل کر حج کے لیے جانا ان کا خواب ہے اور وہ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے انڈیا سے پاکستان، افغانستان، ایرن، عراق، اور کویت سے ہوتے ہوئے سعودیہ عرب پہنچیں گے۔
شہاب کی ایک ویب سائٹ بھی ہے جس کے مطابق وہ 280 روز میں چھ ممالک سے ہوتے ہوئے آٹھ ہزار640 کلو میٹر کا سفر طے کر کے پیدل مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔
انہوں نے اپنے بارے میں یہ بھی لکھا کہ وہ روزانہ 25 کلو میٹر آرام سے چل سکتے ہیں۔ وہ اب تک تین ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے ستمبر کے مہینے میں واہگہ بارڈر پہنچے تھے جہاں انہیں راہداری ویزا نہیں دیا گیا۔