سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرے کے لیے کسی ایجنٹ کی مدد کے بغیر الیکٹرانک درخواست دینے کی سہولت کا افتتاح کر دیا ہے۔
العریبیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ نئے طریقہ کار کے تحت عمرے کا ویزا صرف 24 گھنٹے میں جاری ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا ایک اہم ہدف عمرے کے لیے آنے والے زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے۔
سعودی وزیر حج نے ڈیجیٹل عمرہ سروسز کے حوالے سے مزید کہا کہ سعودی عرب سے آنے والے عمرہ زائرین تمام کام براہ راست کر سکیں گے جن میں مکہ میں ہوٹل کی بکنگ سمیت ٹرانسپورٹ سروسز کی خدمات حاصل کرنا بھی شامل ہو گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عمرہ کے لیے ویزے کی مدت کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں وزیر حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ عمرہ ویزے کی مدت میں تین ماہ تک توسیع کرائی جاسکے گی۔
عمرہ ویزے پر آنے والوں کو سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جانے کی اجازت ہوگی۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے بقول: ’اس سال حج سیزن میں دنیا بھر سے 10 لاکھ مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ان تمام کی صحت کو یقینی بنایا جائے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ حج سمارٹ کارڈ کا اجرا بھی اسی سال ہو گا، جس کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجوزہ سمارٹ کارڈ سے مقدس مقامات، منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں مقامات پر پہنچنے میں کافی سہولت ہو گی۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ حجاج کی خدمت کے حوالے سے ’نسک‘ پروگرام پر عمل جاری ہے جس کا بنیادی مقصد سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے۔