پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کا عبوری چیئرمین مقرر کر دیا۔
ہفتے کو جاری ہونے والے پی سی بی اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے دوسرے ارکان میں سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم شامل ہیں۔
مینیجمنٹ کمیٹی کے رکن ہارون رشید سلیکشن کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس موقعے پر سلیکشن کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی شبہ نہیں کہ محدود وقت کے باوجود کمیٹی ایسے دلیرانہ اور جرات مندانہ فیصلے کرے گی جن سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان ٹیم کو مضبوط اور مقابلہ کرنے والی بنانے میں مدد ملے گی۔
نم سیٹھی کے مطابق شاہد آفریدی کا انداز جارحانہ رہا ہے۔ ’وہ تمام فارمیٹس میں نمایاں کامیابی کے ساتھ کھیل چکے ہیں اور زیادہ اہم یہ بات ہے کہ انہوں نے ہمیشہ نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت اور مدد کی۔
’مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی بصیرت اور کھیل کے علم کے ذریعے بہترین اور سب سے زیادہ مستحق کھلاڑیوں کے انتخاب میں پاکستان کی مدد کریں گے اور آئندہ سیریز میں ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔‘
بیان کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
آفریدی نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے جیتنے کے طریقوں پر واپس جانے کی ضرورت ہے اور انہیں کوئی شک نہیں کہ میرٹ پر اور سٹریٹجک سلیکشن فیصلوں کے ذریعے ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کو مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اپنے مداحوں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’میں جلد ہی سلیکٹرز کا اجلاس بلاؤں گا اور آئندہ میچوں کے حوالے سے اپنے پلان بتاؤں گا۔‘
شاہد آفریدی 1996 سے 2018 تک 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 11،196 رنز بنائے اور 541 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 83 بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کی۔ وہ لارڈز میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن تھے۔
عبدالرزاق نے 1996 سے 2013 تک 17 سالہ کیریئر میں 343 انٹرنیشنل میچ کھیلے اور 7419 رنز بنائے اور 389 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس ٹیم میں شامل تھے جس نے 2009 میں لارڈز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا۔
راؤ افتخار نے 2004 سے 2010 تک ایک ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے۔
(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: علی رضا)