برطانوی ہوائی اڈے پر یورینیم برآمدگی کا معاملہ، ایک شخص گرفتار

پولیس نے اس 60 سالہ شخص کو برطانیہ کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت شمال مغربی انگلینڈ کے شہر چیشائر سے گرفتار کیا ہے اور اب اسے اپریل تک ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے۔

نومبر 30، 2021: لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد (فائل اے ایف پی)

لندن کے ہوائی اڈے سے گذشتہ ماہ یورینیم برآمد ہونے کے بعد برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ تابکاری مواد 29 دسمبر 2022 کو دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہیتھرو ایئرپورٹ پر ایک پیکیج میں ملا تھا۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘، جس نے سب سے پہلے یہ خبر دی تھی، کا کہنا ہے کہ یہ پیکج پاکستان سے عمان کے راستے ایک پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا۔ تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ نے ان خبروں کی تردید کی تھی کہ یہ مواد پاکستان سے گیا ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی اخبار ’ٹیلی گراف‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر یورینیم کی کھیپ دراصل چند ایرانی شہریوں کی جانب سے برطانیہ کے کسٹم حکام کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ’ڈرائی رن‘ کا آغاز تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے اس 60 سالہ شخص کو برطانیہ کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت شمال مغربی انگلینڈ کے شہر چیشائر سے گرفتار کیا ہے اور اب اسے اپریل تک ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کی انسداد دہشت گردی کمانڈ کے سربراہ کمانڈر رچرڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس گرفتاری کے باوجود اور جو کچھ ہم اس وقت جانتے ہیں اس کی بنیاد پر اس واقعہ کا عوام کو براہ راست خطرہ لاحق نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہیتھرو ہوائی اڈے پر ایک پیکج کے اندر یورینیم کی بہت کم مقدار کی دریافت واضح طور پر تشویش کا باعث ہے، لیکن اس سے ایسے مواد کا پتہ لگانے کے لیے ہمارے شراکت داروں کے ساتھ طریقہ کار اور جانچ پڑتال کی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ