پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے بین الااقوامی ہوائی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے ایک ایرانی مسافر کر گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملزم امیر یوسف ایران کے شہری ہیں لیکن پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات جا رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام نے ملزم کو آف لوڈ کرتے ہوئے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق ’دوران تفتیش ملزم اپنے خاندان سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے اور اپنی جائے پیدائش اور دیگر متعلقہ سوالات پر حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
گذشتہ سال اکتوبر میں بھی پاکستان کے امیگریشن حکام نے جعلی پاکستانی سفری دستاویزات پر شارجہ جانے والے دو ایرانی شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔
ستمبر 2021 میں بھی ایف آئی اے نے 10 ایرانی شہریوں کو مختلف کارروائیوں میں گرفتار کیا تھا۔
اس کارروائی کو ایف آئی اے نے کراچی کے مختلف حصوں میں ’جامع کریک ڈاؤن‘ کا نام دیا تھا۔
2018 میں بلوچستان کے تربت ہوائی اڈے پر 11 ایرانی شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جو وہ 2014 سے مشرق وسطی کے سفر کے لیے استعمال کر رہے تھے۔