ملتان الیکشن کمیشن آفس: ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی، لیگی رہنما گرفتار

پولیس ترجمان ملتان کے مطابق الیکشن کمیشن آفس ملتان میں توڑ پھوڑ پرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے نوٹس لیا اور سی پی او ملتان کو کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو ملتان میں الیکشن کمیشن سے پولیس گرفتار کر کے لے جا رہی ہے (تصویر:محمد وسیم)

ملتان میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہوا اور الیکشن کمیشن آفس میں توڑ پھوڑ کے الزام میں ملک عامر ڈوگر اور رانا محمود الحسن سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان ملتان کے مطابق الیکشن کمیشن آفس ملتان میں توڑ پھوڑ پرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے نوٹس لیا اور سی پی او ملتان کو کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئیں۔

ملتان میں ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں جھگڑے پر صوبائی الیکشن کمشنر نے سی پی او کو سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ابھی الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیلم اختر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پولیس کو توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے رپورٹ فوری جمع کروانے کی ہدایات کی گئی ہے۔

سلیم اختر نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔ جو لوگ ملوث ہیں ہم ان کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کے دن سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی اور خصوصی پلان بنا رہے ہیں کہ امن و امان کو برقرار رکھا جائے۔‘

ملتان کے صحافی صہیب اقبال نے بتایا کہ بدھ کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، ن لیگ کے طارق رشید اور سینیٹر رانا محمود الحسن کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئے تو ان کے ساتھ آنے والے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی دونوں طرف سے چور، چور کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ نعرے بازی پہلے تلخ کلامی اور پھر لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صہیب کے بقول ہنگامہ آرائی کے دوران الیکشن کمیشن آفس میں بھی شیشے اور فرنیچر کو نقصان پہنچا جس پرالیکشن کمیشن حکام کی ہدایت پر پولیس نے فریقین کے خلاف کارروائی کی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کیے گئے پی ٹی آئی کے 33 اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخاب ہونا ہے ملتان میں شاہ محمود اور عامر ڈوگر کی خالی نشست پر ضمنی انٹخاب کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

انتخابات کی تاریخ تبدیل کرانے کے لیے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال کر دیا ہے۔

اپنے خط میں اسد عمر نے لکھا کہ الیکشن کمیشن 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر چکا ہے، ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے، ورکنگ ڈے پر عوام ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے خط میں مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور ضمنی انتخابات 16 مارچ کے بجائے 19 مارچ بروز اتوار کو کرائے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے بعد الیکشن کمیشن نے خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق 33 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست