جہلم: نومولود بچی عملے کی مبینہ غفلت کے باعث جھلس گئی

جہلم کے علاقے بھٹیا کے بنیادی صحت مرکز میں اہلکار نومود بچی کو وارمر میں رکھ کر بھول گئے اور بچی کا جسم جل گیا۔

بنیادی صحت مرکز کا عملہ نومولود بچی کو وارمر میں رکھ کر بھول گیا اور بچی کا جسم جل گیا (انڈپینڈنٹ اردو)

ضلع جہلم کے علاقے بھٹیا کے بنیادی صحت مرکز میں اہلکاروں  کی مبینہ غفلت کی وجہ سے نومولود بچی بجلی کے ہیٹر کے سامنے زیادہ دیر تک رکھے جانے کی وجہ سے جھلس گئی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مسعود احمد نے انڈپینڈںٹ اردو کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مبینہ غفلت کی مرتکب تین خواتین اہلکاروں، جن میں ایک ایل ایچ وی اور دو مڈوائفز شامل ہیں، کو معطل کر دیا گیا ہے۔ 

ڈاکٹر مسعود احمد نے بتایا کہ بچی اب صحت مند ہے اور اس کے والد نے بھی ہمیں تحریری بیان دیا ہے کہ زچہ بچہ دونوں صحت مند ہیں جبکہ ان کے مطابق اس واقعے کی ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سی ای او جہلم ڈاکٹر میاں مظہر نے انڈپینڈںٹ اردو کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نومولود بچی کو پیدا ہونے کے فوراً بعد گرم رکھنے کی غرض سے بنیادی صحت مرکز کے سٹاف نے وارمر (گرم کرنے والی مشین) میں رکھا۔

’غلطی یہ ہوئی کہ سٹاف بچی کو وارمر میں رکھ کر بھول گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ وارمر میں لگے ہیٹر کا درجہ حرارت تیز ہونے سے بچی کا جسم مختلف جگہوں سے جل گیا۔ 

ڈاکٹر میاں مظہر نے مزید بتایا کہ بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سپتال منتقل کر کے علاج شروع کیا گیا۔

سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد لیبر روم میں تعینات تمام سٹاف کو  معطل کر دیا گیا، جن میں ایل ایچ وی نادیہ، مڈوائف فرزانہ اور مڈوائف سمعیہ شامل ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لاکر انہیں نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔ ’کیونکہ اس قسم کا غیر زمہ درانہ رویہ کسی طور قابل معافی نہیں ہے۔‘  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت