لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں اتوار کو پشاور زلمی سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے بڑے ہدف کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے فخر زمان کی شاندار اننگز کی بدولت 241 رنز سکور کیے۔
یہ اس سیزن کا اب تک کا سب سے بڑا اور پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرے نمبر کا بڑا سکور ہے۔
موجودہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز سکور کیے تھے۔
آج کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 45 گیندوں پر 96 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فخر زمان کی اننگز میں 10 چھکے اور تین چوکے شامل تھے جبکہ صرف چار رنز کی کمی سے سینچری مکمل نہ کر سکے۔
عبداللہ شفیق نے 41 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔
پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے سیم بیلنگز نے 23 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے دو اور رومان پویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی جانب سے ارشد اقبال کے علاوہ تمام بولرز نے 10 رنز فی اوورز سے زائد کی اوسط سے رنز دیے، ارشد نے چار اوورز میں 28 رنز دیے جبکہ وہاب ریاض دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
پشاور زلمی کے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور نو وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے اس میچ میں 40 رنز سے فتح حاصل کی۔
لاہور قلندرز اب تک اپنے تین میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر چکی ہے۔