پاکستان سپر لیگ میں منگل کو دو میچز کھیلے گئے اور دونوں ہی میچوں میں دو سو سے زیادہ رنز کا ہدف دیا گیا۔
پہلے میچ میں پشاور زلمی کے 207 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم صرف 172 رنز ہی بنا سکی۔ مگر دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے 205 رنز کا کیا جواب دیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گیے دوسرے میچ میں اسلا آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ٹم ڈیوڈ اور شان مسعود کی شاندار بلے باز کی بدولت سلطانز نے سکور بورڈ پر 205 رنز لگا دیے۔
ٹم ڈیوڈ نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنے پہلے میچ میں ہی 27 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شان مسعود نے 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز قدرے بہتر تھا لیکن وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔
We’re not surprised!@iFaheemAshraf is our Player of the Match, who also bagged Moment of the Match! #UnitedWeWin #IUvMS #HBLPSL8 pic.twitter.com/Z2JWq3l4Wu
— Islamabad United (@IsbUnited) March 7, 2023
اسلام آباد یونائیٹڈ کو ان فارم بلے باز اعظم خان سے ایک بار پھر امیدیں تھیں مگر وہ بھی آج ناکام رہے۔ کولین منرو اور کپتان شاداب خان نے اچھی پارٹنرشپ کی مگر وہ بھی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور ایک موقع پر 159 کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔
مگر کریز پر فہیم اشرف موجود تھے اور آخری اووروں میں محمد وسیم جونیئر نے اچھا ساتھ دیا اور صرف سات گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح بات آخری اوور تک آ گئی جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کے لیے 18 رنز درکار تھے اور اس کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس موقع پر صرف فہیم اشرف ہی تھے جو اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جتوا سکتے تھے اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آخری اوور کا آغاز محمد الیاس نے وائڈ گیند سے کیا۔ اس کے بعد فہیم اشرف نے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند بلے کو چھو کر وکٹ کیپر کے قریب سے پاؤنڈری پار کر گئی۔ ان کی اس شاٹ پر کامنٹیٹرز کہنے لگے کہ ’اگر فہیم نے یہ شاٹ کھیلی ہے تو وہ ایک جینیئس ہیں۔‘
اس کے بعد انہوں نے اگلی گیند پر ایک ناقابل یقین شاٹ کھیلی جو ہوا میں باؤنڈری لائن پار کر گئی۔ اس شاٹ کو دیکھتے ہی کامنٹیٹر نے کہا: ’یہ نیکسٹ لیول بیٹنگ ہے۔‘
اوور کی چوتھی اور پانچویں گیندوں پر بھی فہیم اشرف نے دو چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔
اس جیت کے بعد فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ’ہمارا پلان یہی تھا کہ کچھ بھی ہو جائے ہم نے میچ کو آخری اوور تک لے کر جانا ہے۔‘
فہیم اشرف نے جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز پہلے ہی 12 پوائنٹس حاصل کر کے ٹاپ پر موجود ہے جبکہ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے آٹھ، آٹھ پوائنٹس ہیں۔