چارسدہ: جدید طریقے سے تیار سٹرابیری سائز میں بڑی اور مہنگی

چارسدہ میں کچھ کاشت کار سٹرابیری کی کاشت میں پلاسٹک کا استعمال کر رہے ہیں، جس سے پھل جلدی تیار ہوتا ہے اور بڑا اور صاف ہونے کی وجہ سے گاہکوں کو پسند آتا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں سٹرابیری کی پیداوار کے لیے مشہور ضلعے چارسدہ میں کاشت کاروں نے بتایا کہ جدید طریقے سے تیار سٹرابیری سائز میں بڑی اور صاف ستھری ہونے کی وجہ سے تقریباً تین گنا مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔

چارسدہ کے علاقے سرکی اتمانزئی میں سٹرابیری کے کاشت کار کامران خان کے مطابق نئے طریقے سے تیار سٹرابیری 700 روپے کلو فروخت ہوتی ہے جبکہ پرانے روایتی طریقے سے تیار یہ پھل تقریباً 250 روپے کلو میں بک رہا ہے۔

کامران نے بتایا کہ پچھلے دو تین سال سے کچھ کاشت کاروں نے سٹرابیری پھل کی کاشت کاری میں پلاسٹک کا استعمال شروع کیا ہے، جس سے پھل جلدی تیار ہوتا ہے اور سائز میں بڑا اور صاف ستھرا ہونے کی وجہ سے گاہکوں کو پسند آتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کاشت کار اکتوبر میں سٹرابیری کی فصل لگاتے ہوئے نیچے زمین پر پلاسٹک لگاتے ہیں جبکہ پودے کو سردی سے بچنے کے لیے اسے اوپر پلاسٹک سے ڈھک دیا جاتا ہے جس سے فصل جلد یعنیٰ جنوری میں تیار ہو جاتی ہے۔

کامران کے مطابق ’پرانے طریقے سے کاشت ہونے والا پودا فروری کے آخر یا مارچ کے شروع میں پھل دیتا ہے۔

’جدید طریقے سے اگائی جانے والی سٹرابیری پنجاب کے علاقوں سے بھی پہلے تیار ہو جاتی ہے اور اس کا نرخ فی کلو 700 روپے تک ہے۔‘

انہوں نے بتایا نئے طریقے میں پلاسٹک کے اضافی استعمال کی وجہ سے فی ایکڑ ڈھائی لاکھ روپے تک خرچہ آ جاتا ہے جو مقامی غریب کاشت کاروں کے لیے زیادہ ہے لہٰذا اکثریت روایتی طریقہ اپناتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’آج کل ہر چیز مہنگی ہے، اگر پچھلے سال کا موزانہ کریں تو اس سال فصل پردگنا خرچہ ہوا اسی طرح ریٹ بھی زیادہ ہے۔

’پچھلے سال پھل سو روپے فی کلو تھا اور آج کل 220 سے 250 روپے فی کلو چل رہا ہے۔‘

کامران نے زور دیا کہ کاشت کار نئے طریقے سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور غیر سرکاری اداروں (این جی اوز) کو چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور کاشت کاروں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کریں۔

ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر حکومت کاشت کاروں کو سٹرابیری برآمد کرنے میں مدد کرے تو کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے اور مقامی کسان بھی خوش حال ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا