سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود نے اتوار کی رات جدہ میں امریکی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
خبر رساں ادارے اے پی کی سعودی پریس ایجنسی کی وساطت سے رپورٹ کردہ خبر کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ’سٹریٹجک تعلقات‘ پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دیگر امریکی عہدیدار بھی شریک تھے۔
جس کے بعد جیک سلیوان نے سعودی ولی عہد، انڈین قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان کے ساتھ ایک ملاقات میں بھی شرکت کی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس کا مقصد ایک مستحکم اور محفوظ مشرق وسطیٰ کی مشترکہ سوچ، انڈیا اور دنیا بھر سے اس کے تعلق پر بات چیت تھی۔‘
تاہم سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے ابھی تک اس ملاقات کی تصاویر یا ویڈیوز نہیں جاری کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ سال جولائی میں امریکی صدر جو بائیڈن نے روس یوکرین جنگ کے بعد توانائی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے سعودی عرب کا تعاون حاصل کرنے کے لیے مملکت کا دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب اور ایران کے درمیان کئی برسوں سے جاری کشیدگی میں کمی واقع ہوئی لیکن ابھی تک ایران پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بحالی یمن میں جاری جنگ میں خاتمے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب نے شام کو عرب لیگ میں واپس لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ امریکی شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کی مخالفت کرتا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیک سلیوان نے سوڈان سے امریکی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔