’روڈ ٹو مکہ‘: پاکستان اور سعودی عرب کا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اس پیش رفت سے پاکستانیوں کے لیے بھی سعودی عرب کے اس اقدام سے مستفید ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

17 مئی، 2023 کو وزیر اعظم ہاؤس میں روڈ ٹو مکہ پروگرام سے متعلق ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی (پی ایم ایل ن/ٹوئٹر)

پاکستان اور سعودی عرب نے بدھ کو ’مکہ روٹ انیشی ایٹو‘ (روڈ ٹو مکہ)  پروگرام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

اس پیش رفت سے پاکستانیوں کے لیے بھی سعودی عرب کے اس اقدام سے مستفید ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں ایم او یو پر دستخط کیے۔

تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بھی شریک تھے۔

’عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق مکہ روٹ انیشی ایٹو‘ سعودی عرب کے ’گیسٹس آف گاڈ سروس پروگرام‘ کا حصہ ہے جس کا آغاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے 2019 میں معیشت کو متنوع بنانے کے لیے مملکت کے وژن 2030 کے تحت کیا تھا۔

اس سکیم کے تحت عازمین حج مملکت کی بجائے اپنے اپنے ممالک کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے عمل سے گزرتے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد میں موجود سعودی نائب وزیر داخلہ کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ مکہ روٹ انیشیٹو کو اگلے سال لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں تک بڑھایا جائے۔

اس وقت یہ سہولیت صرف اسلام آباد ایئرپورٹ پر میسر ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا: ’سعودی نائب وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے کہ مکہ روٹ انیشی ایٹو کے ذریعے اسلام آباد سے سفر کرنے والے پاکستانی زائرین کی تعداد 26 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دی جائے گی اور اگلے سال تک میں نے اور مذہبی امور کے وزیر نے یہ درخواست کی ہے اس پروگرام کو لاہور اور کراچی سے بھی شروع کیا جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور 2011 میں کراچی میں سعودی سفارت کار کے قتل سمیت دونوں ممالک سے متعلق دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان میں قتل ہونے والے سعودی سفارت کار کے افسوس ناک واقعے پر سعودی حکومت کے مطالبات پر بات کی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب سے معمولی جرائم میں سعودی جیلوں میں بند پاکستانیوں کو رہا کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’ہم نے ان پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر بات کی جو معمولی جرائم میں سعودی جیلوں میں قید ہیں اور سعودی نائب وزیر داخلہ نے ہمیں یقین دلایا کہ ان تمام پاکستانیوں کو جلد رہا کر دیا جائے گا جو کوئی سنگین جرم میں ملوث نہیں رہے۔‘

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے مجوزہ دورے کا منتظر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستانی عوام شاہ سلمان کو خراج تحسین اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں اور سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام اسے عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ہم چاہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں اور میں اللہ تعالیٰ سے پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے بامعنی بات چیت کی۔

سعودی عرب نے اس سال پاکستان کے لیے 179,210 عازمین حج کا کرونا وبا سے قبل مقررہ حج کوٹہ بحال کر دیا تھا اور 65 سال کی عمر کی پابندی بھی ختم کردی تھی۔

حکام کا تخمینہ ہے کہ تقریباً 80 ہزار پاکستانی عازمین اس سال سرکاری سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ 91 سے زائد حجاج نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج ادا کریں گے۔

پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک سے حج پروازیں 21 مئی سے شروع ہوں گی اور آخری پرواز 21 جون کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان