خیبر پختونخوا میں قائم باچا خان میڈیکل کالج مردان میں میڈیکل (ایم بی بی ایس) کی ڈگری لینے والی طالبہ نبیلہ بی بی نے 20 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر نبیلہ بی بی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایم بی بی ایس کی پانچ سالہ ڈگری میں 20 گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں۔ ’پانچ سالہ دورانیے میں سالانہ امتحان کے علاوہ جب ہر ایک مضمون میں اول آتے ہیں تو اس پر بھی گولڈ میڈل مل جاتا ہے۔‘
ڈاکٹرنبیلہ نے کہا کہ ان کا تعلق مانسہرہ کے گاؤں ’چترپلین‘ سے ہے اور وہ پانچ بھائیوں کی اکلوتی بہن ہیں۔
نبیلہ کا ماننا ہے کہ والدین کی طرف سے حوصلہ افزائی بہت ضروری ہوتی ہے جو ان کو حاصل تھی۔
انہوں نے بتایا ان کے میڈیکل کالج میں جو کانوکیشن ہوا اس میں 2017 سے لے کر 2021 تک کے پانچ بیچز شامل تھے، جن میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز انہوں نے حاصل کیے ہیں۔
’اس میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے بیجز ملا کر 10 سیشن بن جاتے ہیں جس میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز میں نے حاصل کیے۔‘
کانوکیشن میں دوسرے نمبرپر سب سے زیادہ گولڈ میڈلز لینے والی طالبہ ڈاکٹر رخشندہ افسر کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ باچا خان میڈیکل کالج سے انہوں نے 19 گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں جس میں پانچ ہرسال ٹاپ کرنے پر ملے ہیں اور ایک گولڈ مڈل ’بیسٹ گریجویٹ‘ کا ہے اور باقی جن مضامین میں ٹاپ کیا ہے اس میں ملے ہیں۔
ڈاکٹر رخشندہ نے بتایا کہ وہ اس وقت ایوب میڈیکل کالج میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ٹرینی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ’مجھے گھر والوں نے اتنا دور تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجا اور اس کے علاوہ ہمارے ادارے اور اساتذہ کی محنت سب عناصر مل کر انسان کامیابی کی طرف لے جاتے ہیں۔
باچا خان میڈیکل کالج مردان میں دوسری کانوکیشن میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ اس موقع پر خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور ڈین آف کالج ڈاکٹر امجد علی بھی موجود تھے۔
گورنر خیبرپختونخواغلام علی نے باچاخان میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے 2017 سے لے کر 2021 تک فارغ التحصیل 450 طلبا وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ 53 ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے باچا خان ڈینٹل کالج کو تسلیم کرنے کا اعلان بھی کیا جبکہ میڈیکل کالج کے معذورطلبا کے لیے تعلیم بھی مفت کردی گئی۔