مسلسل 63 سال بلامعاوضہ اذان دینے والے موذن

صوفی نعمت انصاری اس عرصے میں صرف دو بار ملتان شہر سے باہر گئے اور چھ دن ناغہ ہوا۔

پنجاب کے جنوبی شہر ملتان کے صوفی نعمت انصاری نے 63 سال پانچ وقت اذان دینے کا ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

83 سالہ موذن کا کہنا ہے کہ وہ شاعری کا شوق رکھتے تھے لیکن جب 10 ذوالحج 1377 حجری، بروز پیر، 20 سال کی عمر میں پہلی اذان دی تو علاقے کے لوگ حیران رہ گئے۔

اس کے بعد انہوں نے اذان دینے کے فرائض ہمیشہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان شہر کے گنجان علاقے لوہا مارکیٹ حرم گیٹ میں قدیمی شاہی جامع مسجد کے موذن صوفی نعمت کہتے ہیں وہ بلامعاوضہ نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اذان دیتے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا وہ اس عرصے میں صرف دو بار شہر سے باہر گئے اور چھ دن ناغہ ہوا۔ اس کے علاوہ بارش ہو یا آندھی، گرمی ہو یا سردی، وہ یہ فریضہ شوق سے ادا کر رہے ہیں۔

صوفی نعمت کے مسلسل اذان دینے کے 63 سال مکمل ہونے پرعید کے دن نماز فجر کے بعد اِسی مسجد میں تقریب منعقد ہوئی۔

سادگی سے منعقدہ تقریب میں نمازیوں اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے، مٹھائی تقسیم کی گئی اور مقامی علما نے  مبارک باد دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ضعیف العمر موذن کہتے ہیں کہ جب تک ان میں گھر سے مسجد تک آنے کی سکت ہے وہ نماز کی دعوت دیتے رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے عمر کے ساتھ ان کی آواز میں بھی تبدیلی آئی، سماعت کے لحاظ سے جتنی پہلے ان کی آواز میں مسحور تھا وہ تو کم ہوا، لیکن جذبہ پہلے سے بھی جواں ہے۔

صوفی نعمت کے مطابق ان کا خاندان بھارت سے 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آیا اور لوہا مارکیٹ کے علاقے میں آباد ہوا، جو اس وقت دیہی علاقہ تھا۔

یہاں پہلے کھیت ہوا کرتے تھے جہاں اب ٹریفک کے شور نے ان کی اذان کی آواز کو بھی محدود کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ادوار بدلتے دیکھے، خوشی، غمی، تہواروں پر لوگوں کو نمازیں ادا کرتے دیکھا، مسجدوں کی رونق پہلے بھی رمضان المبارک کے ماہ میں بڑھتی تھی آج بھی وہی صورتحال ہے۔

اسی علاقے کے رہائشی جمیل احمد کا کہنا تھا ان کی عمر 50 سال ہوچکی ہے اور جب سے ہوش سنبھالا صوفی نعمت کی آواز میں ہی نماز کی دعوت ملی۔

ان کے والدین سے انہیں معلوم ہوا کہ پیدائش کے بعد ان کے کان میں بھی صوفی نعمت سے اذان دلوائی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا