پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر کا ڈپازٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہو گیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منگل کو ایک ویڈیو پیغام میں اس بات اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ملنے والے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹ سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’میں اس موقع پر وزیراعظم، آرمی چیف اور پوری قوم کی طرف سے سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے چند ہفتے قبل جو اعلان کیا گیا تھا اسے آج انہوں نے پورا بھی کر دیا ہے۔‘
On behalf of the people of Pakistan, I would like to extend my deep gratitude to the leadership and brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia for the US$2 billion deposit with the State Bank of Pakistan. I would like to especially thank my brother Saudi Crown Prince & Prime…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 11, 2023
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان ’ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہمیشہ سچے دوست اور بھائی ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔‘
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر جمع کروانے پر اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’اس ڈپازٹ سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے۔ یہ پاکستان کے معاشی ٹرن اراﺅنڈ میں برادر ممالک اور عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی مظہر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے ہم تمام ضروری کوششیں کرنے کے اپنے پختہ عزم پر کاربند اور سرگرم عمل ہیں۔‘
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’ہمارے برادر ملک سعودی عرب نے دو ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب سے دو ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر لانے میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا۔‘
اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے گذشتہ دنوں انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’سعووی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان پاکستان میں 10 سے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کریں گے۔‘