کراچی میں ٹرک آرٹ سے مزین پینٹنگز کی پہلی نمائش

’سرکار ٹرک آرٹ‘ کی جانب سے منعقد کی گئی اس نمائش میں 25 سے 30 فن پارے پیش کیے گئے تھے، جنہیں دیکھنے والوں نے خوب سراہا۔

ٹرک آرٹ آرٹسٹوں کی تنظیم ’سرکار ٹرک آرٹ‘ کی جانب سے کراچی میں اس ہفتے ٹرک آرٹ پیٹنگز کی پہلی نمائش کی گئی، جہاں آنے والوں نے اس فن کو تو خوب سراہا، تاہم منتظمین کو اس سے منسلک آرٹسٹوں کو پزیرائی نہ ملنے کا شکوہ ہے۔

اس نمائش میں ٹرک آرٹ پر مشتمل 25 سے 30 فن پارے پیش کیے گئے تھے۔

تنظیم کے بانی طارق خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ٹرک آرٹ پینٹنگز کی نمائش امریکہ، جرمنی اور چین سمیت مختلف ممالک میں ہوتی رہتی ہیں، مگر اب پاکستان میں بھی ان کی نمائش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

طارق خان کے مطابق: ’ٹرک آرٹ آرٹسٹوں کو وہ پذیرائی نہیں ملتی، جس کے وہ حقدار ہیں۔ اس لیے ہم نے سوچا کہ ایک نمائش کا انعقاد کیا جائے تاکہ ان آرٹسٹوں کی ہمت افزائی کی جائے۔‘

اس نمائش میں رکھیں گئی پینٹنگز میں امریکہ کا سٹیچو آف لبرٹی، گولڈن گیٹ برج سمیت مختلف مقامات کی پینٹنگز شامل تھیں، جن میں ٹرک آرٹ کو شامل کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طارق خان نے بتایا کہ ’اس کے علاوہ اس نمائش میں محنت کش خواتین، مختلف پرندوں اور جانوروں کی پینٹنگز بھی شامل ہیں۔ یہ تمام پیٹنگز ’سرکار ٹرک آرٹ‘ کے رکن آرٹسٹ نوید شہزاد کی بنائی ہوئی ہیں۔‘

نمائش دیکھنے کے لیے آنی والی بحریہ یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر ملیحہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’آرٹ معاشرے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے، جس کے بغیر زندگی کافی خالی خالی ہوتی ہے۔ ان رنگوں سے زندگی میں رنگ بھر جاتے ہیں۔‘

انہوں نے ٹرک آرٹ کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ آرٹ سے مزین ٹرک کو دیکھ کر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ڈرائیونگ کرنا بورنگ ہوگا۔ اب یہ آرٹ پاکستان کے کلچر کا حصہ ہے اور ہمیں ان آرٹسٹوں کی ہمت افزائی کرنی چاہیے تاکہ اس فن کو بھی فروغ مل سکے۔

پاکستان کا ٹرک آرٹ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ کئی ممالک نے اس سے متاثر ہوکر اپنی بسوں اور ٹرینوں کو ٹرک آرٹ سے سجایا ہے۔ مختلف برتنوں، جوتوں اور لباس پر بھی ٹرک آرٹ بنانے کا رواج ہے اور اب ٹرک آرٹ کی پینٹنگز بھی کافی مقبول ہو رہی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ