کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سوفی بطور میاں بیوی علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے یہ اعلان بدھ کو ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ سوفی گریگوئر ٹروڈو کی جانب سے علیحدگی کا غیر متوقع اعلان جوڑے کی 18 سالہ ہائی پروفائل شادی کے خاتمے کی علامت ظاہر ہوتا ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ دونوں میاں بیوی نے کافی بحث اور گفتگو کے بعد فیصلہ کیا کہ ہمیں علیحدگی اختیار کر لینا چاہیے۔
’ہم ہمیشہ کی طرح ایک دوسرے کے لیے محبت اور احترام کے ساتھ ایک خاندان رہیں گے محبت اور احترام کے ان جذبات کو مزید فروغ دیں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ ان کے بچوں کی بہبود کے لیے سب کو والدین اور بچوں کی پرائیویسی کا خیال رکھنا چاہیے۔
روئٹرز کے مطابق جسٹن ٹروڈو کے دفتر نے بتایا کہ میاں بیوی نے علیحدگی کے سلسلے میں ایک قانونی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو، جو کینیڈا کے کم عمر ترین وزیراعظم بھی ہیں، اور سوفی مئی 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔
اس وقت جسٹن ٹروڈو کی عمر 51 سال جبکہ سوفی زندگی کی 48 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔