پاکستانی کرکٹر اور پنجاب کے نگراں وزیر کھیل وہاب ریاض نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ فرنچائز کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں گے۔
بدھ کو ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں وہاب ریاض نے لکھا: ’بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع۔ ایک شاندار سفر کے بعد میں اب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ میں اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنی فیملی، کوچنگ سٹاف، ساتھی کھلاڑیوں، اپنے مداحوں اور میری سپورٹ کرنے والے ہر ایک شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مستقبل میں فرنچائز کرکٹ کھیلنے کے لیے پر جوش ہوں۔‘
اپنی پوسٹ کے ساتھ جاری بیان میں وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ’میں گذشتہ دو سالوں سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور رہا ہوں۔ 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا میرا ہدف تھا اور میں اب پہلے سے کہیں زیادہ خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ میں نے اپنے ملک اور قومی ٹیم کی بہترین خدمت کی ہے۔‘
Stepping off the international pitch
— Wahab Riaz (@WahabViki) August 16, 2023
After an incredible journey, I've decided to retire from international cricket. Big thank you to PCB, my family, coaches, mentors, teammates, fans, and everyone who supported me.
Exciting times ahead in the world of franchise…
انہوں نے کہا: ’بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ جب یہ باب ختم ہو رہا ہے، میں فرنچائز کرکٹ میں ایک نیا ایڈونچر شروع کرنے کے لیے پرجوش ہوں، جہاں مجھے امید ہے کہ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو تفریح فراہم کروں گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
15 سال پر محیط کیریئر کے ساتھ وہاب ریاض بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نمایاں شخصیت رہے ہیں۔
انہوں نے مختلف فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہاب ریاض نے بین الاقوامی مقابلوں میں 237 وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے اب تک 1,104 پروفیشنل وکٹیں حاصل کیں۔
وہاب پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بھی ہیں اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 400 سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
بین الاقوامی کیریئر
وہاب ریاض نے پاکستان کے لیے کل 27 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں انہوں نے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے 91 ایک روزہ میچوں میں 120 اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 34 وکٹیں لیں۔
ان کا ون ڈے ورلڈ کپ 2015 میں سپیل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے پاکستان کو جیت کے قریب کر دیا تھا تاہم خراب فیلڈنگ کے باعث پاکستان یہ میچ ہار گیا تھا۔