پاکستان کا گلابی نمک یا ’پنک گولڈ‘؟

سرمایہ کار کمپنی میریکل سالٹ ورکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گلابی نمک کے جن ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے وہ ایک ہزار سال تک برآمد کیے جا سکتے ہیں۔

 (سکرین گریب/انڈپینڈنٹ اردو)کھانے میں استعمال ہونے والے گلابی نمک سے تیار ہونے والی مصنوعات میں لیمپ اور بعض دیگر آرائشی سامان بھی شامل ہیں (تصویر: اینواتو)

پاکستان میں پائے جانے والے پنک سالٹ یعنی گلابی نمک کی مزید تلاش اور پیداوار بڑھانے کے لیے ایک بین الاقوامی کمپنی نے ابتدائی طور پر 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور کمپنی کے چیف کمیونیکیشن آفیسر کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ’پنک گولڈ‘ ہے۔

رواں ماہ اسلام آباد میں ’پاکستان منرل سمٹ‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ملک میں معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔

سمٹ میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے متعلقہ حکام اور کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سمٹ میں شرکت کرنے والوں میں سعودی عرب کے نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر بھی شامل تھے۔

امریکہ میں قائم کمپنی میریکل سالٹ ورکس کے چیف کمیونیکیشن آفیسر محمد مبارک خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ رواں ماہ ان کی کمپنی اور حکومت پاکستان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جسے آئندہ لگ بھگ چھ ہفتوں میں ایک معاہدے کی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا: ’پاکستان میں پنک سالٹ کے جن ذخائر کا ابھی تک معلوم ہے، یہ ذخائر اگلے ایک ہزار سال تک دنیا کو سپلائی کیے جا سکتے ہیں اور اگر ہم نمک کے دنیا کے ٹاپ سپلائر بھی ہوں تو بھی یہ ذخائر ختم نہیں ہوں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کی کمپنی پاکستان میں ’ورلڈ کلاس فیسیلٹی‘ قائم کر کے 2025 کے اوائل میں کام شروع کر دے گی۔

بقول محمد مبارک خان: ’جس مقام پر یہ فیسیلٹی قائم کرنی ہے، اس بارے میں حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے لیکن ہم نے جو اعلان کیا ہے، وہ داؤد خیل سپیشل اکنامک زون ہے، جو سالٹ رینج کے سینٹر میں ہے۔ وہ اس پلانٹ کو لگانے کے لیے سب سے بہترین جگہ ہو گی۔‘

کھانے میں استعمال ہونے والے گلابی نمک سے تیار مصنوعات میں لیمپ اور بعض دیگر آرائشی سامان بھی شامل ہیں اور توقع ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری سے یہ صنعت بھی پروان چڑھے گی۔

 گلابی نمک کے پاکستان میں زیادہ تر ذخائر صوبہ پنجاب میں ضلع جہلم کے علاقے کھیوڑہ، میانوالی کے علاقے کالا باغ اور ضلع خوشاب کے علاقے وڑچھا میں ہیں۔

تاہم سالٹ رینج جہلم سے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے درمیان پہاڑی سلسلے میں لگ بھگ 300 کلومٹیر کی ایک پٹی گلابی نمک کے ذخائر پر مشتمل ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت