ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانے والے جانے میچ میں میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے ہرا دیا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسے جلد ہی پہلی کامیابی ملی اور سری لنکا نے 34 کے سکور پر اپنی پہلی وکٹ کھو دی۔
جس کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کی اننگز کو تھوڑا استحکام ملا لیکن پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 164 کے سکور پر سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
لیکن یہاں سدیرا سماراوکرما نے سری لنکا کی اننگز کو سنبھالا دیا اور سکور کو مسلسل بڑھاتے ہوئے ایک قابل دفاع تک پہنچا دیا۔
یوں 50 اوورز کے اختتام پر سری لنکا کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے سدیرا سماراوکرما 93 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ کشل مینڈس نے 50 اور پتھوم نسانسکا نے 40 رنز بنائے
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد 62 رنز اور حسن محمود 57 کے عوض تین وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین بولر رہے۔ جبکہ شریف الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سری لنکا کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بلے بازی شروع ہوئی تو اوپنرز کے 55 رنز کے مضبوط آغاز کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر سری لنکا کی بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے بنگلہ دیش کی وکٹیں گرتی رہیں۔
تاہم مسلسل وکٹوں کے باوجود بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے کہیں تیز اور کہیں سست روی سے بلے بازی کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔
بنگہ دیش کی جانب سے توحید ہریدوئے 83 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ جبکہ مشفیق الرحیم 29 اور مہدی حسن مرزا 28 رنز بنا سکے۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48.1 اوور میں 236 رنز بنا سکی۔
سری لنکا کی جانب سے متیشا پتھیرانا، مہیش تھیک شنا اور داشن شناکا تین، تین وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر رہے۔
سری لنکا اپنا اگلا میچ 12 ستمبر کو انڈیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ 14 ستمبر کو سری لنکا اور پاکستان مدمقابل ہوں گے۔