پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بعض اتحادی جماعتیں انتخابات سے ’بھاگ‘ رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو حیدر آباد میں حسین آباد واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے چند اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو انہیں بھاگنے دیں مگر حیدرآباد کے عوام کو معلوم ہے کہ جب آپ الیکشن سے بھاگتے ہو تو کوئی نہ کوئی آپ کی جگہ لے لے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے باقی سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں، وہ خوف زدہ ہیں، وہ ضمنی الیکشن سے بھاگتے ہیں، وہ بلدیاتی الیکشن سے بھاگتے ہیں، اب شاید جنرل الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں مگر پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹریننگ میں بھاگنا نہیں ہے۔‘
بلاول بھٹو نے تقریب کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان کے عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ جب مجھے موقع ملے گا تو میڈیا پر جو پیپلز پارٹی کی کردار کشی ہوتی ہے اس کا توڑ ایک ہی ہے کہ میں عوام کے پاس جاؤں گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آنے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی، اپنی گورننس، اپنی کامیابیوں پر اور اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے۔‘
انہوں نے تقریب کے دوران نام لیے بغیر عمران خان کے بارے میں کہا کہ ’اگر وہ وزیر اعظم نہیں رہے تو یہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کی کوششوں کی وجہ سے ہوا ہے۔‘
ساتھ ہی چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’وہ ملیر اور کراچی کی طرح ملک بھر میں عمران خان کی ضمانت ضبط کروائیں گے۔‘