پاکستان آخری گیند پر ایشیا کپ سے باہر

سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز میچ میں دو وکٹوں سے ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

سری لنکا کے مینڈس 14 ستمبر، 2023 کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں شاٹ کھیل رہے ہیں (اے ایف پی/ فاروق نعیم)

سری لنکا نے جمعرات کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم اور سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جب سری لنکا کو آخری گیند پر دو رن درکار تھے۔ سری لنکا کے آسلنکا نے زمان خان کی گیند پر باآسانی مطلوبہ رن بنا لیے۔

آج کولمبو میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں سات وکٹوں پر 252 رنز بنائے۔

بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر کے بعد ابتدا میں میچ 45 اوورز تک محدود کیا گیا۔ پہلی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا اور اوورز کی تعداد 42 کر دی گئی۔

پاکستان کی جانب سے پہلے عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت داری دکھائی۔ بعد میں تیزی سے وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے اننگز کو نہ صرف سنبھالا بلکہ تیزی سے رن بھی بنائے۔

عبداللہ اور بابر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بنائے جبکہ رضوان اور افتخار احمد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے عبداللہ نے 52، بابر اعظم نے 29، محمد رضوان نے ناٹ آؤٹ 86 اور افتخار احمد نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایک روز قبل انڈین بلے بازوں کو پریشان کرنے والے سری لنکن سپنرز پاکستانی بلے بازوں کو کچھ زیادہ پریشان کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

انڈیا کے خلاف پانچ وکٹیں لینے والے دنتھ ویلالاگے اس میچ میں صرف ایک ہی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

سری لنکن بولروں میں سب سے کامیاب بولر پتھیرانا رہے جنہوں نے تین وکٹیں لیں۔ تاہم انہوں نے آٹھ اووروں میں سب سے زیادہ 65 رنز بھی دیے۔

سری لنکا نے محتاط انداز میں 253 رنز کا تعاقب شروع کیا لیکن انہیں چوتھے ہی اوور میں کسال پریرا کی صورت میں پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

پریرا آٹھ گیندوں پر 17 رن بنا کر شاداب خان کی ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد دوسرے اوپنر پرمود مدوشھان 77 کے مجموعی سکور پر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 29 رنز بنائے۔

کسال مینڈس اور سدیرا سماراوکراما نے بہترین شرکت داری دکھائی اور ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں نے سری لنکا کا مجموعی سکور 177 پر پہنچا دیا تھا، جب سدیرا 30ویں اوور میں افتخار کی گیند پر سٹمپ ہو گئے۔ انہوں نے 51 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

اس مرحلے پر سری لنکا کو جیتنے کے لیے 12 اوورز میں مزید 74 رنز کی ضرورت تھی۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود مینڈس نے چیرتھ آسلنکا کے ساتھ مل کر سکور کرنے کا تسلسل برقرار رکھا۔

تاہم وہ بھی 36ویں اوور میں افتخار کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، محمد حارث نے ان کا 91 رنز پر بہت اچھا کیچ لیا۔

38ویں اوور میں 224 رنز پر سری لنکا کو پانچواں نقصان شھناکا کی صورت میں ہوا، جو دو رن بنا کر افتخار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسلنکا (49 رنز) نے تواتر سے وکٹیں گرنے کے باوجود ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ٹیم کو فنش لائن تک پہنچایا۔  

میچ کے سیکنڈ لاسٹ اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

آخری اوور میں سری لنکا کو آٹھ رن درکار تھے جو انہوں نے آخری گیند پر بنا لیے۔

پاکستان کی جانب سے افتخار نے 50 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ شاہین نے دو اور شاداب خان نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا اور انڈیا کے درمیان اتوار کو فائنل کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ