تیز ترین سینچری، نصف سینچری: نیپال نے ٹی20 ریکارڈ توڑ ڈالے

نیپال نے منگولیا کے خلاف 314 رنز بنا کر بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار 300 کا ہندسہ عبور کر لیا۔

نیپال کے دیپیندرا سنگھ جنہوں نے تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس تصویر میں وہ چار ستمبر 2023 کو انڈیا کے خلاف کھیل رہے ہیں (اے ایف پی)

چینی شہر ہانگ زو میں ہونے والے ایشین کھیلوں میں بدھ کو کھیلے جانے والے ٹی 20 کرکٹ کے ایک میچ کے دوران نیپال نے منگولیا کو 274 رنز سے شکست دے کر کئی نئے ریکارڈ قائم کر ڈالے۔

نیپال کے 314 رنز کے مقابلے پر منگولیا کی پوری ٹیم صرف 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ منگولیا کے صرف دو کھلاڑی دو سے زیادہ رنز بنا سکے۔

منگولیا کی 274 رنز سے شکست رنز کے لحاظ سے کسی بھی بین الاقوامی ٹی20 مقابلوں کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل یہ سب سے بڑا مارجن 142 رنز کا تھا۔

نیپال نے 314 رنز بنائے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹی20 کرکٹ مقابلوں میں 300 کا ہندسہ عبور ہوا ہو۔ اس سے قبل ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ کا سب سے بڑا ریکارڈ افغانستان کا تھا جو انہوں نے 278 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

اسی میچ میں نیپال کے بلےباز کشال مالا نے صرف 34 گیندوں پر سینچری بنا کر ٹی20 کا نیا  عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور انڈیا کے روہت شرما کے پاس ہے، جنہوں نے 35 گیندوں پر سینچریاں بنائی تھیں۔

مالا نے کل 137 رنز بنائے جن کے لیے انہیں صرف 50 گیندوں کی ضرورت پڑی، اور ان کا سٹرائیک ریٹ 274 رہا۔ اس اننگز میں 12 چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔

اسی میچ میں تیز ترین نصف سینچری کا بھی ریکارڈ قائم ہوا۔ نیپال کے دیپیندرا سنگھ نے صرف نو گیندوں پر نصف سینچری بنائی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انڈیا کے یوراج سنگھ اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 12 گیندوں پر نصف سینچری سکور کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دیپیندرا کی اننگز میں آٹھ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے کل 52 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 520 تھا۔

یہ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع ہے جب کسی کھلاڑی نے 500 یا اس سے زائد سٹرائیک ریٹ سے سکور کیا ہو اور کم از کم دس گیندیں بھی کھیلی ہوں۔

مزید یہ کہ نیپالی ٹیم نے اننگز کے دوران کل 26 چھکے لگائے جو ایک اور ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ افغانستان کے پاس تھا جنہوں نے آئرلینڈ کے خلاف کل ملا کر 22 چھکے لگائے تھے۔

اسی طرح ویسٹ انڈیز نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف 22 چھکے داغے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ