پاکستان کا ایشیا کپ میں فتح سے آغاز، نیپال کو 238 رنز سے شکست

پاکستان نے ایشیا کپ 2023 کا آغاز بابر اعظم اور افتخار احمد کی سینچریوں اور بعد میں بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیپال کے خلاف 238 رنز سے فتح سے کیا ہے۔

ایشیا کپ 2023 کے پہلے میچ میں نیپال کے بلے باز پاکستانی بولرز کے خلاف رنز بنانے میں ناکام رہے (اے ایف پی)

پاکستان نے ایشیا کپ 2023 کا آغاز بابر اعظم اور افتخار احمد کی سینچریوں اور بعد میں بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیپال کے خلاف 238 رنز سے فتح سے کیا ہے۔

 ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 343 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پہلی بار پاکستان ٹیم کا سامنا کرنے والی نیپال کی ٹیم صرف 104 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال کی قدرے ناتجربہ کار ٹیم پاکستان بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور یکے بعد دیگرے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ چار وکٹیں شاداب خان نے لی جس میں فخر زمان کا ایک شاندار کیچ بھی شامل ہے۔

شاداب خان کے علاوہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیپال کی جانب سے سب سے زیادہ 28 رنز سومپال کامی نے بنائے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں شاندار 214 رنز بنائے۔

اس دوران بابر اعظم نے کریئر کی 19ویں سینچری اور دوسری بار 150 رنز سے زائد سکور کیے۔ انہوں نے 14 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔

ان کا ساتھ دینے والے افتخار احمد نے اپنے ون ڈے کریئر کی پہلی سینچری سکور کی جس میں چار چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ افتخار احمد 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح پاکستان نے نیپال کو جیتنے کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔

نیپال نے پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بہتر آغاز کیا تھا اور اس ثبوت پاکستانی اوپنرز کا جلد ہی پویلین لوٹ جانا ہے۔ مگر وہ اپنی اس کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکے۔

سونپال کامی نے دو اور کرن کے سی، لمیچانے ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور افتخار احمد کے علاوہ فخر زمان 14، امام الحق پانچ، محمد رضوان 44، آغا سلمان پانچ اور شاداب خان چار رنز بنا سکے۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ’پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ڈرائی ہے،ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔‘

پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والے 16ویں ایشیا کپ میں انڈیا کے اعتراضات اور پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے باعث ایشین کرکٹ کونسل نے ایسا شیڈول ترتیب دیا کہ جس میں انڈیا اپنے تمام میچ پاکستان سے باہر کھیلے گا۔

اس سے قبل بدھ کی صبح 15 سال بعد پاکستان کی میزبانی میں  ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ ایشیا کپ 2023 کا  آغاز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز پر ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گورونگ نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا۔

 تقریب کے دوران پاکستانی رنگ میں رنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے جبکہ ایشیا کپ کی ٹرافی بھی گراؤنڈ میں موجود رہی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ