الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے مشاہدے کے لیے بین الاقوامی مبصرین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل (تین اکتوبر) کو الیکشن کمیشن کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینیئر افسران نے بھی شرکت کی۔
انتخابی کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزارت خارجہ کو فوری طور پر تحریر کیا جائے کہ وہ بین الاقوامی مبصرین کو آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے مشاہدے کے لیے مدعو کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرے۔
مزید کہا گیا: ’الیکشن کمیشن آف پاکستان کھلے دروازے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور مشاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔‘
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ غیر ملکی مبصرین کی جن تنظیموں نے الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کے دوران انتخابی عمل کے مشاہدے کی درخواست کی ہے، ان کے کیس کو فوری طور پر دیکھا جائے۔
#ECP pic.twitter.com/khI0R18wFD
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) October 3, 2023
کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں 16 اکتوبر 2023 کو بین الوزارتی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کر دی، جس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے سینیئر افسران شریک ہوں گے اور عالمی مبصرین کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
الیکشن کمیشن نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وزارت خارجہ، وزرات داخلہ اور دیگر اداروں سے رابطہ کاروں (Focal Persons) کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔
اس کے علاوہ کمیشن نے صوبائی سطح پر الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر (ایڈمن) کو چاروں صوبوں میں رابطہ کار مقرر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے لیے ضابطہ اخلاق کی منظوری بھی دی ہے اور اسے فوری طور پر شائع کرنے کی اجازت دی ہے۔
اجلاس کے دوران آئندہ عام انتخابات کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ الیکشن سے متعلق تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انتخابی کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں ملک میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔