جنوبی افریقہ نے ہفتے کو ممبئی میں ون ڈے ورلڈ کپ کے ایک میچ میں انگلینڈ کو 229 رنز سے شکست دے دی، جو عالمی ون ڈے میں ریکارڈ شکست ہے۔
ایونٹ کے ابتدائی تین میچوں میں صرف ایک بار جیتنے والا انگلینڈ آج جنوبی افریقہ کے خلاف بری طرح ہارنے کے بعد عالمی کپ سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
ابھی انگلینڈ کے پانچ میچ باقی ہیں، لیکن مزید ایک میچ میں ہار اسے سیمی فائنل کی دوڑ سے بہت دور کر دے گی۔
2002 میں میلبرن میں آسٹریلیا کے خلاف 221 رنز کی شکست کے بعد یہ انگلینڈ کی سب سے بھاری ون ڈے شکست تھی۔
انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے آج ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، میچ کی دوسری ہی گیند پر کوئنٹن ڈیکوک آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کے بعد بازی الٹ گئی۔
ریزا ہینڈرکس نے 75 گیندوں پر 85 رن اور روسے وَنڈر ڈوسین نے 61 گیندوں پر 60 رن بنا کر ٹیم کو اچھا سٹارٹ دیا۔
کپتان ایڈن مارکرم نے 44 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر محض پانچ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہنرک کلاسین اور مارکو جانسن نے 76 گیندوں پر 151 رنز کی شراکت داری کی۔ یہ کسی بھی ٹیم کے لیے ایک روزہ میچ میں 150 یا ان سے زیادہ رنز کی تیز ترین شراکت داری کا ریکارڈ ہے۔
کلاسین نے 67 گیندوں پر چار چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 109 رن بنائے جبکہ مارکو جانسن 42 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 75 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ساؤتھ افریقہ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 399 رن بنانے میں کامیاب رہی۔
انگلینڈ کے بلے باز 400 رنز کا ہدف لے کر میدان میں اترے لیکن آٹھ وکٹیں 100 رنز تک گر چکی تھیں۔
دسویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے مارک وڈ نے سب سے 17 گیندوں پر 43 کا سکور کیا اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نویں نمبر پر گس ایٹکنسن نے 21 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی ٹیم 22 اوور میں محض 170 رن بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں گیرالڈ کویٹزی نے لیں، جنھوں نے چار اوور میں 35 رن دیے اور تین وکٹیں لیں۔