جنوبی افریقہ نے جمعے کو ون ڈے ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں تبریز شمسی اور ایڈن مارکرم کی اچھی پرفارمنس کی بدولت پاکستان کو ایک وکٹ سے ہرا کر میگا ایونٹ سے تقریباً باہر کر دیا۔
پاکستان کے لیے میگا ایونٹ میں آج کی کامیابی بہت اہم تھی۔
چینئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن لیفٹ آرم سپنر تبریز شمسی کی چار وکٹوں کی وجہ سے پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 270 پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی ابتدا میں دو وکٹیں گر گئیں۔ اوپنر عبداللہ شفیق نو رنز بنا کر یانسن کی گیند پر لنگی انگیدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد امام الحق 12 رنز بنا کر مارکو یانسن ہی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں بابر اور رضوان احمد نے اننگز کو کچھ سنبھالا دیا اور سکور کو 83 رنز تک لے گئے لیکن اسی دوران رضوان ایک اٹھتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے تین بلے باز سیٹ ہونے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل نے 52 رنز، کپتان بابر اعظم نے 50 رنز اور شاداب خان نے 43 رنز بنائے مگر وہ لمبی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔
سعود اور شاداب نے 84 رنز کی اہم شراکت جوڑی۔ شاداب نے 119، جب سعود نے 100 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیا۔
بابر نے نصف سینچری تو بنائی مگر انہوں نے اس کے لیے 65 گیندیں کھیلیں اور ان کا سٹرائیک ریٹ 77 رہا۔
افتخار احمد نے 21 جب کہ محمد نواز نے 24 رنز سکور کیے۔ آج رضوان اور مارکرم نے ون ڈے کیریئر میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں سے تین بار کم از کم 380 رنز بنانے والی جنوبی افریقہ کے اوپنر میدان میں اترے تو توقع تھی کہ وہ 271 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیں گے۔
تاہم بنگلہ دیش کے خلاف 140 گیندوں پر عمدہ 174 رنز بنانے والے کوائنٹن ڈی کاک پاکستان کے خلاف نہ چل سکے۔
انہوں نے آج پھر جارحانہ انداز اپنایا اور 14 گیندوں پر پانچ چوکے مار کر 24 رنز بنائے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان ٹیمبا باوما 10 ویں اوور میں محمد وسیم کا شکار بنے۔ انہوں نے صرف 28 رنز بنائے۔ 19 اوور میں ریسی وان ڈار ڈیوسن 19ویں اوور میں اسامہ میر کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جنوبی افریقہ کی 136 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد لگنے لگا کہ پاکستان میچ میں واپس آ رہا ہے لیکن ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا اور اچھی پارٹنر شپ بنائی۔
دونوں نے 33 اوورز میں سکور کو 206 تک پہنچا دیا۔ ملر نے اس پارٹنر شپ میں محتاط انداز اپنایا اور 33 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
بابر نے پارٹنر شپ توڑنے کے لیے شاہین آفریدی کو بولنگ دی، جنھوں نے کامیابی سے ملر کو کیچ آؤٹ کروا دیا۔
دوسرے اینڈ پر مارکرم سکور کو چلاتے رہے لیکن ان کے 41 ویں اوور میں آؤٹ ہونے پر پاکستان کو ساتویں کامیابی ملی۔
مارکرم نے 93 گیندوں پر ذمہ درانہ 91 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
جنوبی افریقہ کی وکٹیں تواتر سے گرنے کی وجہ سے آخری اوورز کا کھیل دلچسپ ہو گیا۔ ایک موقعے پر جنوبی افریقہ کی نو وکٹیں گر چکی تھی اور اسے 15 رنز درکار تھے۔
تاہم کیشو مہاراج نے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستانی بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ حارث رؤف، محمد وسیم اور اسامی میر نے دو، دو وکٹیں لیں۔
پاکستان کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف تین میچ باقی ہیں۔