پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مورنی مورکل نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ جون 2023 میں چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر بطور بولنگ کوچ کا عہدہ قبول کیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نئے بولنگ کوچ کا فیصلہ مناسب وقت پر کرے گا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دسمبر اور جنوری میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی ٹیم نے مورنی مورکل کی کوچنگ میں دو ٹیسٹ میچز کے لیے دورہ سری لنکا، ایشیا کپ اور اس کے بعد انڈیا میں کھیلے جانے ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔
ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔
پاکستان نے ورلڈکپ میں کھیلے جانے نو میچز میں سے صرف چار میں کامیابی حاصل کی تھی اور پاکستان کو افغانستان جیسی نوآموز ٹیم کے مقابلے میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جبکہ جنوبی افریقہ، انڈیا، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مقابلے میں بھی پاکستان کو شکست ہوئی تھی۔
ایشیا کپ اور ورلڈکپ دونوں میں پاکستانی ٹیم کی بولنگ پرفارمنس کو شائقین اور ماہرین کرکٹ کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔