اسرائیل کی جانب سے جاری ایک فوٹیج کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس میں وہ قیدی دکھائے جا رہے ہیں جنہیں سات اکتوبر کو حماس کے اچانک حملے کے چند گھنٹوں بعد غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں لے جایا جا رہا تھا۔
اتوار کی شام، جب یہ امید تھی کہ قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو رہا کرنے کے لیے عنقریب ایک معاہدہ ہونے والا ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی جس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جا سکی۔
آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دو قیدیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تھائی لینڈ اور نیپال کے شہری ہیں۔
حماس کے جنگجو انہیں ایک گاڑی سے نکال کر الشفا ہسپتال لے جا رہے ہیں۔ ان میں سے ایک سٹریچر پر لیٹا ہوا ہے اور زخمی دکھائی دیتا ہے۔
اس ہسپتال پر ایک ہفتہ قبل اسرائیلی فوجیوں نے حملہ کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک 31 ’انتہائی بیمار‘ بچوں کو باہر نکالا جا چکا ہے۔
اسرائیل کا اصرار ہے کہ اس ہسپتال کو حماس کی جانب سے مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ حماس کی جانب سے اس دعوے کی مسلسل تردید کی جا رہی ہے۔
اتوار کی رات فوٹیج جاری کرنے کے بعد آئی ڈی ایف کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے کہا کہ ’ان نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ حماس کی دہشت گرد تنظیم نے سات اکتوبر کے قتل عام کے دن الشفا ہسپتال کے احاطے کو دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے طور پر استعمال کیا تھا۔‘
علاوہ ازیں اتوار کو اسرائیلی فوج نے ایک اور ویڈیو بھی جاری کی جس میں اس کے بقول ایک سرنگ دکھائی گئی ہے، جس کی لمبائی 55 میٹر اور فلسطینیوں نے الشفا کمپاؤنڈ کے 10 میٹر نیچے کھودی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ اس کے پاس فلسطینی علاقے میں سینکڑوں کلومیٹر طویل خفیہ سرنگوں، بنکرز اور زیرزمین جانے والے راستوں کا نیٹ ورک موجود ہے، حماس نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ یہ ہسپتالوں جیسے سویلین انفراسٹرکچر میں واقع ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش نے سرنگ کے بارے میں اسرائیلی بیان کو ’خالص جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
مذکورہ ویڈیوز اس وقت جاری کی گئی ہیں جب تنازع میں انسانی بنیادوں پر وقفہ کرنے کے مقصد سے بات چیت کی اطلاعات آ رہی تھیں اور اسرائیل نے کہا اسے امید ہے کہ غزہ میں قیدی بنائے گئے افراد کی ایک قابل ذکر تعداد کو حماس ’آنے والے دنوں میں‘ رہا کر دیں گے۔
ایک اندازے کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے دوران 240 لوگوں کو قیدی بنا لیا گیا تھا۔
امریکہ میں اسرائیل کے سفیر مائیکل ہرزوق نے اے بی سی کے پروگرام ’دِس ویک‘ کو بتایا، ’بہت سنجیدہ کوششیں ہو رہی ہیں اور مجھے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم معاہدہ کر لیں گے۔‘
© The Independent