انڈین بھانجی کی 105 سالہ پاکستانی خالہ سے کعبہ میں ملاقات

پاکستانی یوٹیوبر ناصر ڈھلوں کی مدد سے 105 سالہ پاکستانی خاتون کی کئی دہائیوں بعد انڈیا میں مقیم بھانجی سے خانہ کعبہ میں ملاقات ہوئی ہے۔

پاکستان میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ ہاجرہ بی بی اور انڈیا کے شہر کپورتھلہ میں مقیم ان کی 60 سالہ بھانجی حنیفہ کی گذشتہ ہفتے پہلی بار خانہ کعبہ میں ملاقات ہوئی۔

یہ موقع پاکستانی یوٹیوبر ناصر ڈھلوں نے انہیں فراہم کیا۔

1947 میں تقسیم ہند کے دوران منقسم ہونے والے ان خاندانوں نے اس سے قبل بھی ملاقات کی متعدد کوششیں کی تھیں لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ان کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔

حنیفہ نے، جو انڈین پنجاب کے کپورتھلہ میں رہتی ہیں، ہاجرہ بی بی سے ملنے کے لیے پاکستانی حکومت سے ویزے کے لیے درخواست دی تھی، لیکن ان کے ویزے کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ سال (2022) جون میں حاجرہ بی بی نے پہلی بار حنیفہ کو ویڈیو کال کی تھی۔

کال کے دوران ہی انہوں نے اپنی چھوٹی بہن مجیدہ سے ملنے کے لیے کہا تو انہیں پتہ چلا کہ اب وہ اس دنیا میں نہیں رہیں۔

جب دونوں خاندانوں کی امید ختم ہوگئی تو ایک پاکستانی یوٹیوبر ناصر ڈھلوں اور امریکہ میں مقیم پال سنگھ گِل نے ان دونوں خاندانوں کی مدد کی اور وہ گذشتہ ہفتے خانہ کعبہ میں ملے۔

ناصر ڈھلوں بھی خانہ کعبہ میں ان کے ساتھ پہنچے۔ اپنے یوٹیوب چینل میں ان کی ویڈیو لگائی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب انہوں نے خانہ کعبہ میں ایک دوسرے کو دیکھا تو حاجرہ بی بی اور حنیفہ دونوں رو پڑیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے پہلے وہ فون پر رابطے میں تھیں لیکن جمعرات کو وہ پہلی مرتبہ ذاتی طور پر ایک دوسرے سے ملیں۔

حنیفہ نے اس موقعے پر ناصر ڈھلوں کو اپنے جذبات بتاتے ہوئے کہا کہ ’بہت اچھا لگ رہا ہے۔ بہت زیادہ اچھا۔ اپنے رب کے گھر ملاقات ہوئی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے ملاقات کے لیے گرودوارہ کرتارپور صاحب آنے کی بھی درخواست کی تھی لیکن وہاں جانے کی اجازت نہیں ملی۔‘

اپنی 105 سالہ خالہ سے ملنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دہراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’دہلی میں بھی پاکستان جانے کے لیے درخواست دی لیکن وہاں سے بھی اجازت نہیں ملی۔ قسمت میں تھا کہ رب کے گھر میں ملنا ہے۔‘

ہاجرہ بی بی نے بھی اس موقعے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی گھر