امریکہ کی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کی ایک یونیورسٹی میں پولیس کے مطابق بدھ کو فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت تین افراد مارے گئے جبکہ اس واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے یونیورسٹی آف نیواڈا میں حملہ آور ہونے والے اس فرد کی شناخت چھپاتے ہوئے مشتبہ شخص کی جنس کا ذکر نہیں کیا۔
فائرنگ کی زد میں آنے والے چار افراد کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان کے یونیورسٹی سے تعلق کے بارے میں کچھ بتایا گیا۔
لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کے شیرف کیون میک مہل کے مطابق زندہ بچ جانے والے شخص کی حالت بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہنگامہ آرائی کے دوران کئی دیگر افراد بھی خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور کیمپس کی تلاشی کے دوران متعدد افسران کو معمولی چوٹیں آئیں، جن کا علاج کیا گیا، تاہم کوئی ملزم یا مشتبہ شخص نہیں ملا۔‘
پولیس نے اس تشدد کے ممکنہ محرکات کے بارے میں کوئی ذکر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ اس واقعے میں کس قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے۔
یو این ایل وی کے نام سے مشہور اس سکول کے پروفیسر ونسینٹ پیریز نے ایم ایس این بی سی کو فون پر بتایا کہ ’کیمپس میں چھپنے سے قبل انہوں نے بہت سی فائرنگ کی آوازیں سنی تھیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’میں کہوں گا کہ ایک کے بعد ایک سات، آٹھ گولیاں۔ جیسے ہی ہم نے یہ آواز سنی، ہم واپس اندر بھاگے اور ہمیں احساس ہوا کہ یہ ایک اصلی فائرنگ ہے اور کیمپس میں ایک شوٹر موجود ہے۔‘
اس واقعے کی سرکاری تفصیلات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔
یو این ایل وی پولیس کے سربراہ ایڈم گارسیا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 45 منٹ پر کیمپس میں فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور مشتبہ شخص کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مشتبہ شخص کو کیمپس پولیس نے گولی مار کر جان سے مار دیا۔‘
شیرف کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر یہ موقعے پر پہنچنے والے پولیس افسران میں سے کسی ایک کی بہادرانہ کارروائی نہ ہوتی تو لاتعداد اضافی جانیں جا سکتی تھیں۔‘
میک مہل کا کہنا تھا کہ ’فائرنگ بیم ہال کی چوتھی منزل سے شروع ہوئی جہاں یونیورسٹی کا بزنس سکول ہے، جس کے بعد دیگر منزلوں پر اور آخر کار باہر (فائرنگ) ختم ہو گئی جہاں مشتبہ شخص کو مار دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کم از کم جمعے تک بند رہے گی۔
لاس ویگاس میں واقع یو این ایل وی کیمپس میں تقریباً 25 ہزار انڈر گریجویٹ اور آٹھ ہزار پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
شیرف کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ان سے ملنے والے بہت سے طالب علم بری طرح ہل کر رہ گئے ہیں۔
سال 2017 میں بھی لاس ویگاس میں ایک میوزک فیسٹیول پر ہونے والے ایک حملے میں 60 افراد مار ے گئے تھے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔