جنوبی وزیرستان: پولیس پوسٹ تعمیر کرنے والے پانچ مزدوروں کا ٹینٹ میں قتل

وانا پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا: ’مزدوروں کو ٹینٹ کے اندر گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور ان کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگیں۔‘

وانا پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب پولیس پوسٹ کی تعمیر پر مامور پانچ مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا (جنوبی وزیرستان پولیس)

خیبر پختونخوا میں جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں پولیس نے بتایا کہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب پولیس پوسٹ کی تعمیر پر مامور پانچ مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ ایک اور مزدور زخمی حالت میں ہے۔

یہ واقعہ وانا پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او اللہ نواز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جن مزدوروں کو قتل کیا گیا ان کا تعلق مقامی علاقوں سے ہے۔

انہوں نے بتایا: ’چھ مزدوروں میں سے پانچ قتل جبکہ ایک کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘ 

اللہ نواز کے مطابق یہ مزدور غونڈئی کے مقام پر ایک پولیس پوسٹ کی تعمیر کے لیے گئے تھے اور وہاں عارضی ٹینٹ میں رہ رہے تھے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وانا پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا: ’مزدوروں کو ٹینٹ کے اندر گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور ان کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگیں۔‘

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس پوسٹ کے باہر ایک عارضی ٹینٹ لگایا گیا ہے، جہاں یہ مزدور رہائش پذیر تھے۔

اللہ نواز نے بتایا: ’پولیس کی جانب سے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔‘

خیبر پختونخوا میں جنوبی وزیرستان شدت پسندی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جس میں محکمہ داخلہ کے مطابق رواں سال جنوری سے لے کر نومبر تک 201 شدت پسندی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ 

ان واقعات میں محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 36 سکیورٹی اہلکار جبکہ 28 سویلین افراد مارے گئے ہیں۔ شدت پسندوں کی جانب سے ان اضلاع میں زیادہ تر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان