پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے ہیں۔ محمد رضوان 29 اور عامر جمال دو رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

آسٹریلوی گیند باز مچل مارش 27 دسمبر 2023 کو میلبرن میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی بلے باز شان مسعود کو آوٹ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں (اے ایف پی)

دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز میلبرن میں بدھ کو پیٹ کمنز اور نیتھن لیون کی شاندار گیند بازی نے پاکستان کو چھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز  تک محدود کرتے ہوئے میچ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط کر دی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر محمد رضوان 29 اور عامر جمال دو رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے، جبکہ پیٹ کمنز نے عبداللہ شفیق، بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو پویلین کی راہ دکھا دی تھی۔

کمنز کا شکار بننے والے ان کھلاڑیوں نے بالترتیب 62، ایک اور پانچ رنز بنائے۔

نیتھن لیون نے امام الحق کو 10 رنز اور شان مسعود کو 54 رنز پر آؤٹ کیا۔ جوش ہیزل ووڈ نے سعود شکیل کو نو رنز پر آؤٹ کیا۔

دوسرے روز کی اس کارکردگی کے بعد 1995 کے بعد آسٹریلیا میں پہلی بار ٹیسٹ جیتنے کا پاکستان کا خواب چکنا چور ہوتا نظر آ رہا ہے۔

مہمان ٹیم نے قدرے گیلی اور گیند سوئنگ کرنے والی پچ پر صبح کے سیشن میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں جس کی وجہ سے میزبان ٹیم 318 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 64 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشانے نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی 17 ویں ٹیسٹ نصف سنچری بنائی۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اپنی ٹیم کو مثبت آغاز فراہم کیا۔

لیکن تجربہ کار سپنر نیتھن لیون امام الحق کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے جن کا کیچ مارنس لبوشانے نے پکڑا۔

عبداللہ شفیق نے مچل سٹارک کی گیند پر چوکا لگا کر مجموعی طور پر  پانچویں اور آسٹریلیا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

پیٹ کمنز نے عبداللہ شفیق کو آؤٹ کر کے ان کی 90 رنز کی شراکت توڑی۔ اس کے بعد انہوں نے بابراعظم کو آؤٹ کیا۔

نیتھن لیون نے شان مسعود کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ مچل مارش نے عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شان مسعود کا کیچ پکڑا۔

ہیزل ووڈ نے سعود شکیل کی وکٹ حاصل کی اور اس کے بعد پیٹ کمنز نے سلمان علی آغا کو آؤٹ کرکے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیرز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ