انڈین لڑکی کا 140 زبانوں میں گانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ

کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سچیتھا ستیش نے دبئی میں ’کنسرٹ فار کلائمیٹ‘ ایونٹ کے دوران کل 140 زبانوں میں گانا گا کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔

کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سچیتھا ستیش نے 24 نومبر 2023 کو ’کنسرٹ فار کلائمیٹ‘ ایونٹ کے دوران کل 140 زبانوں میں گانا گا کر یہ ریکارڈ قائم کیا (آل انڈیا ریڈیو نیوز)

دبئی میں ایک کنسرٹ کے دوران انڈین گلوکارہ نے تقریباً ڈیڑھ سو سے زائد زبانوں میں گانے گا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سچیتھا ستیش نے 24 نومبر 2023 کو ’کنسرٹ فار کلائمیٹ‘ ایونٹ کے دوران کل 140 زبانوں میں گانا گا کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔

گلوکارہ نے گذشتہ ہفتے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا: ’یہ خبر شیئر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے 24 نومبر 2023 کو ماحولیات کے حوالے سے ہونے والے کنسرٹ کے دوران 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گانا گا کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آپ کی خواہشات اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ۔‘

گنیز ورلڈ ریکارڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق یہ ’کسی بھی کنسرٹ میں گائی جانے والی سب سے زیادہ زبانیں ہیں اور یہ کہ 140 نمبر کو علامتی طور پر ان 140 ممالک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا تھا جنہوں نے دبئی میں ماحولیاتی عالمی کانفرنس کوپ 28 میں شرکت کی۔‘

منفرد ریکارڈ بنانے پر گلوکارہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دبئی میں انڈیا کے قونصلیٹ جنرل نے پانچ جنوری کو ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا:  ’ سچیتھا ستیش کو ایک کنسرٹ میں 140 زبانوں میں گانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی شاندار کامیابی پر مبارکباد۔ مزید آگے بڑھیں۔‘

فی الحال 150 زبانوں میں گانے گانے والی ستیش نے ایک انٹرویو میں دور درشن انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیا ریکارڈ قائم کرنے پر مسرت اور خود کو خوش قسمت محسوس کر رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں‘ پر یقین رکھنے والی گلوکارہ نے سرکاری نیوز چینل کو مزید بتایا کہ ’کئی زبانوں میں گانے والی موسیقار کے طور پر میں نے اس بارے میں سوچا کہ میں ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے کیا کر سکتی ہوں اور اس طرح ہم اس کنسرٹ کا حصہ بنے۔‘

2018 میں ستیش نے دبئی میں انڈین قونصلیٹ آڈیٹوریم میں 102 زبانوں میں گانے گا کر ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور 2021 میں انہوں نے ’میوزک بیانڈ بارڈر‘ کے عنوان سے ایک پروگرام میں 120 زبانوں میں گانے گا کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

ستیش کے والد نے 2018 میں خلیج ٹائمز کو بتایا کہ وہ اکثر اپنی پسند کا گانا چنتی ہیں اور پھر دھن کا انتخاب کرتی ہیں اور ’گوگل ٹرانسلیٹ‘ کے ذریعے اس کا مطلب سمجھتی ہیں حالانکہ وہ یہ زبانیں نہیں جانتی لیکن وہ مخصوص گانا چنتی ہیں لیکن وہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ اس کا بہترین تلفظ اور دھن ہو۔‘

انڈین ویب سائٹ ’ایئر نیوز الرٹس‘ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو پوسٹ پر بہت سے صارفین نے ستیش کی ان کی کامیابیوں کے لیے تعریف کی ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا: ’مبارک ہو سچیتھا۔ یہ ناقابل یقین ہے۔ ہزار میل کا سفر پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔ مجھے اس خوبصورت سفر کا حصہ بننے پر فخر ہے۔ شاباش۔‘

ایک اور صارف نے لکھا: ’شاندار کامیابی۔ آنے والے سالوں میں آپ کو ایسی اور بہت سی کامیابیاں نصیب ہوں۔‘

تیسرے صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’یہ کامیابی ناقابل یقین تھی۔ پوری انسانیت کو آپ پر فخر ہو گا سچیتا۔ میری دلی مبارکباد۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی