پاکستان کے نگران وفاقی وزیر داخلہ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابات 2024 کے دوران ’ڈیجیٹل فرنٹیئر‘ (ڈیجیٹل میڈیا) کو ملک کے اندر اور باہر سے قوتیں عدم استحکام اور افرا تفری کے لیے استعمال کر سکتی ہیں جن پر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
وہ جمعرات کو اسلام آباد میں انتخابات 2024 کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا کہ ’سب سے بڑا جو چیلنج ہے وہ ڈجیٹل فرنٹیئر پر ہے کہ کس طرح سے ری جنریٹیو مصنوعی ذہانت، وائس کلوننگ، ڈیپ فیک، پراپیگنڈہ، روبو کالز، جو آٹومیٹڈ ٹربلز فارمز ہیں وہ کس طرح سے الیکشنز کو متاثر کر رہے ہیں اور اب کیوں کہ دو ہفتے کے قریب رہ گیا ہے تو مجھے خدشہ ہے کہ یہ ہوگا۔‘
نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ ’ڈجیٹل فرنٹیئر کے اندر وہ قوتیں چاہے وہ ملک کے اندر سے ہوں یا باہر سے ہوں، جن کے مفاد میں ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام ہو، پاکستان کے اندر افرا تفری ہو، وہ استعمال کر سکتی ہیں اور اس کے لیے ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔‘
مرتضی سولنگی نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو، وفاقی تحقیقاتی ادارے کو اور دیگر اداروں بشمول وزارت اطلاعات و نشریات کو چوکنا رہنا ہوگا کہ کس طرح ہم اپنی ریاست کی قوت کو قانونی طور پر استعمال کرتے ہوئے ان خطرات کا مقابلہ کریں۔‘
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے شام کے جو وی لاگرز ہیں ان کے ہاں سے آپ کو اس قسم کی چیزیں مل رہی ہیں جو بدقسمتی سے بہت خطرناک ہیں۔ اگر آپ کو ڈھائی لوگ دیکھ رہے ہیں تو اتنا بڑا خطرہ نہیں ہے لیکن اگرآپ بہت بڑا جھوٹ بولتے ہیں تو اس کی زیادہ ویورشپ ہوتی تو پھر آپ خطرہ ہیں۔‘
تربت: ریجنل الیکشن کمشنر کے دفتر پر حملہ، ایک اہلکار کی موت
بلوچستان کے شہر تربت میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے جمعرات کو ریجنل الیکشن کمشنر کے دفتر پر فائرنگ کی جس سے ایک پولیس اہلکار کی جان گئی۔
صحافی ارشاد اختر کے مطابق ضلع کیچ کے ایس ایس پی ضیا مندوخیل کا کہنا ہے کہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب کا تربیت سے غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کے لیے مراسلہ
الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے انتخابی عملے کی تربیت کے دوران غیر حاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبہ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تربیت سے غیر حاضر عملے کے خلاف فوری اور سخت تادیبی کارروائی کی جاَئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے جانے والے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں جاری پولنگ عملے کی تربیت کی حاضری کو 100فیصد یقینی بنایا جائے۔
اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی طرف سے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں غیر حاضر عملے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہدایات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس سلسلہ میں متعلقہ ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کو سخت ہدایات جاری کیں گئی ہیں کہ وہ متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے رابطہ رکھیں اور غیر حاضر عملے کی ٹریننگ میں حاضری کو یقینی بنائیں جبکہ غیر حاضر عملے کے خلاف فوری ایکشن لیں۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔