پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک سخت مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتار دوسری فتح حاصل کر لی ہے۔
ملتان میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے گذشتہ میچ کے بالکل برعکس دکھائی دی اور صرف 144 رنز ہی بنا سکی۔
جواب میں ملتان سلطانز کو بھی قدرے مشکل پیش آئی تاہم اس نے جنوبی افریقی بلے باز ریضا ہینڈرکس اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
محمد رضوان 43 اور ہینڈرکس 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جنہیں صرف نسیم شاہ ہی کو کھیلنے میں دشواری ہوئی تھی کیونکہ نسیم شاہ نے نئی گیند کے ساتھ انتہائی شاندار بولنگ کروائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر بولرز نے بھی درمیان کے اوورز میں سلطانز کے بلے بازوں کو آسانی سے سکور کرنے نہیں دیا اور یہی وہ لمحہ تھا جب وکٹوں کے پیچھے موجود اعظم خان نے کریز پر موجود افتخار احمد کی بلے باز دیکھتے ہوئے کہا کہ ’روکتا ہے یا مارتا ہے، بہت مشکل صورت حال ہے۔‘
وکٹوں کے قریب لگے مائیک کے ذریعے یہ جملے سب کر کامنٹیٹر بھی ہنس پڑے۔
مگر ایسا ہوا نہیں۔ کیونکہ افتخار احمد نے کم سکور اور گرتی وکٹیں دیکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کریز پر آخری گیند تک موجود رہے۔
ملتان سلطانز کو یہ میچ جیتنے کے لیے اننگز کے آخری اوور میں پانچ رنز درکار تھے جو کریز پر موجود افتخار احمد اور ڈیوڈ ویلی نے بغیر کوئی باؤنڈری لگائے ہی بنا لیے۔
اس طرح ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ میچ جیت کر پی ایس ایل نو میں اپنی لگاتار دوسری جیت حاصل کر لی جبکہ اسلام آباد شاندار انداز میں پہلا میچ کھیلنے کے بعد جیت کے سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نمایاں بولر رہے جنہوں نے دیکھنے والوں کو بالکل یہ محسوس ہونے نہیں دیا کہ وہ انجری کی وجہ سے ایک طویل عرصے بعد بولنگ کروا رہے ہیں۔
انہوں نے 27 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں 195 رنز کا ہدف بھی باآسانی حاصل کر لیا تھا تاہم منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں صرف سلمان علی آغا اور جوناتھن کاکس ہی تھے جو بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
می کے بعد بات کرتے ہوئے کپتان شاداب خان نے بھی اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم 10 سے 15 رنز پیچھے رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بولرز کی تعریف کی اور کہا کہ اگر کیچز پکڑے جاتے تو وہ مزید قریب جا سکتے تھے۔
ملتان سلطانز کے بولرز اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹھیک ٹھاک پلاننگ کے ساتھ اترے اور اسلام آباد یونائٹڈ کے بلے بازوں کو سکور کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی اور محمد علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔