پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نائن کے اتوار کو کھیلے گئے دو میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز نے پشاور زلمی کو 16 رنز سے جبکہ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے ہرا دیا۔
بابر کی ففٹی ضائع
آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 16 رنز سے ہرا دیا۔
کوئٹہ نے جیسن روئے اور سعود شکیل کی عمدہ اوپننگ پارٹرشپ کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے، جسے پشاور حاصل نہ کر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 190 رنز پر محدود رہی۔
روئے (75 رنز) اور شکیل (74 رنز) نے اپنی ٹیم کو 157 رنز کی اوپننگ فراہم کی۔ دونوں نے میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیلے۔
شکیل آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے جو 16 اوور میں لوک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 47 گیندوں پر چھ چوکے اور چار چھکے مارے۔
روئے 18ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ کپتان ریلی روسے نے 14 رنز جبکہ شیرفین رتھرفورڈ نے 20 رنز بنائے۔
پشاور کے سلمان ارشاد نے تین جبکہ ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور نے اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کا آغاز اچھے انداز میں کیا۔ اوپنر کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے مل کر 91 رنز جوڑے۔
صائم نویں اوور میں 26 گیندوں پر 42 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس موقعے پر بابر نے ذمہ درانہ بیٹنگ جاری رکھی اور وہ سکور کو 16ویں اوور میں 147 رنز تک لے گئے۔
وہ 42 گیندوں پر 68 رنز پر ابرار احمد کا شکار بنے تو پشاور کے رنز بنانے کی رفتار دھیمی پڑ گئی اور ٹیم 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنا سکی۔
ٹام کوہلر کیڈمور نے 18 رنز، رومان پاول نے 17 جبکہ ڈین موسلے نے 11 رنز بنائے۔
کوئٹہ کے ابرار نے دو جبکہ محمد وسیم، محمد عامر اور عقیل حسین نے ایک، ایک وکٹ لی۔ کوئٹہ کے سعود شکیل مین آف دی میچ قرار پائے۔
ملتان سلطانز کی آسان جیت
آج کھیلے گئے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو باآسانی 55 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے ریضا ہینڈرکس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
17 کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان (11 رنز) کے ایل بی ڈبلیو ہونے کے بعد ریضا نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر 121 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملان 17 اوور میں 52 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ ریضا 79 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 54 گیندوں پر سات چوکے اور تین چھکے مارے۔
خوشدل شاہ 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کی ناکام بولنگ لائن میں ڈینیئل سیمز اور میر حمزہ محض ایک، ایک وکٹ بٹور سکے۔
186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی اوپننگ اچھی نہ رہی اور محض 10 رنز پر اس کے دو بیٹر جیمز ونس اور سعد بیگ پویلین لوٹ گئے۔
نویں اوور میں کپتان شان مسعود بھی اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
ان کا ساتھ دیا سینیئر بلے باز شعیب ملک نے جنھوں نے آج اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ ایک مرحلے پر وہ کراچی کی بڑی امید نظر آئے لیکن وہ بھی 14ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
اسی اوور میں محمد نواز کی وکٹ گرنے سے کراچی کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور وہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بنا سکی۔
کراچی کے محض تین بیٹر ہی ڈبل فیگر میں پہنچے۔ ملتان کے محمد علی نے تین جبکہ ڈیوڈ ولی اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں اور اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔