اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل نو میں لگاتار تین میچ ہارنے کے بعد آخری کار جیت حاصل کر ہی لی ہے اور وہ بھی کراچی کنگز کو ان ہی کے ہوم گراؤنڈ پر ہرا کر کی ہے۔
کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 166 رنز کا ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جس میں اہم کردار کولن منرو کی 82 اور ایلکس ہیلز کی 47 رنز کی اننگز نے ادا کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز نے بلے بازی کا آغاز کیا تو پچ بیٹنگ کے لیے قدرے مشکل دکھائی دے رہی تھی۔
لیکن جب اسی وکٹ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز اترے تو یہ بالکل ہی الگ پچ دکھایی دینے لگی جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز کولن منرو اور ایلکس ہیلز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 108 رنز جوڑے۔
کراچی کنگز کی جانب سے سات بولرز آزمائے گئے لیکن صرف تین بولر ہی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
پی ایس ایل نو میں اس میچ سے قبل ایک ہی میچ ہارنے والی کراچی کنگز کے بلے باز اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر بے رنگ دکھائی دیے اور جلدی جلدی ان کی وکٹیں گرنے لگیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صرف 73 رنز پر کنگز کی چار وکٹیں گر چکی تھیں اور کریز پر موجود بلے بازوں کو رنز بنانے میں مشکل ہو رہی تھی۔ ایسے میں کیرون پولارڈ نے اپنا تجربہ دکھایا اور آخر تک کریز پر کھڑے رہے۔
کیرون پولارڈ اور عرفان خان نیازی نے اس مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو ایک بہتر سکور فراہم کیا۔
پولارڈ 48 اور عرفان خان 27 رنز پر ناٹ آؤٹ ہی واپس لوٹے۔ اس طرح کراچی کنگز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ لگاتار میچز ہارنے کے بعد آج بہتر پلان کے ساتھ میدان میں اتری۔ ان کی جانب سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔