امریکی اور سعودی میڈیا گروپس بلوم برگ اور ایس آر ایم جی کی جانب سے بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کا انعقاد آئندہ ہفتے جعمرات کو جدہ میں کیا جا رہا ہے جس میں کھیلوں کی دنیا کی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔
سعودی اخبار ’الشرق اقتصاد‘ کے تعاون سے اس سمٹ کا انعقاد جدہ یاٹ کلب میں فارمولا ون سعودی عربین گراں پری کے ساتھ ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
سمٹ کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ایونٹ کھیلوں، تفریح، اور ٹیکنالوجی کے کاروبار میں بااثر شخصیات کو ایک جگہ اکٹھا کرے گا تاکہ مشکلات کی ممکنہ لہر کا مقابلہ کرنے اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر بات چیت کی جا سکے۔
بلومبرگ کے بزنس آف سپورٹس کے چیف کاریسپونڈنٹ جیسن کیلی سمٹ کی میزبانی کرتے ہوئے کھیلوں کے مستقبل کو تشکیل دینے والے اہم رجحانات اور موضوعات پر بات چیت کا آغاز کریں گے۔
بات چیت میں کھیلوں میں سرمایہ کاری میں نجی مصروفیات کے اثر و رسوخ، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میںں خاص طور پر فٹ بال کے فروغ اور کھیلوں کے شعبے میں نئے مواقع جیسے اہم معاملات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
تقریب کے شرکا میں کھیلوں کی صنعت میں نمایاں نام شامل ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق سمٹ میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، میک لیرن کے سی ای اور زیک براؤن، ای سپورٹس ورلڈ کپ فاؤنڈیشن کے سی ای او رالف ریشرٹ، سعودی پرو لیگ کے سی ای او کارلو نوہرا، فارمولا ون اکیڈمی کی منیجنگ ڈائریکٹر سوزی وولف، نیو کیسل یونائیٹڈ ایف سی کی شریک سی ای او امینڈا سٹیویلی، ای ایس ایل فیس اِٹ گروپ کے شریک سی ای او کریگ لیون، وی ایس پی او کے بانی اور سی ای او ڈینو ینگ، ڈائریکٹر آف کرکٹ، گجرات ٹائٹنز وکرم سولنکی اور سی وی سی کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹر جیما رائٹ جیسی نمایاں شخصیات اس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہیں۔
ان بڑے ناموں کے ساتھ ایونٹ میں 150 سے زیادہ دیگر نامورمہمانوں کی شرکت بھی متوقع ہے جن میں کھیلوں کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور اہم فیصلہ ساز شامل ہیں۔ عالمی سطح پر اس سمٹ کی نشریات اشارق نیوز، الشرق بزنس کے ساتھ بلومبرگ اور بلومبرگ کے ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نشر کیا جائے گا۔
بلومبرگ میڈیا کے سی ای او کیرن سالٹسر نے اس بارے میں کہا: ’جدہ میں بلومبرگ پاور پلیئرز کا پہلا اجلاس کاروبار، سرمایہ کاری، کھیل، میڈیا اور تفریح کی صنعت سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا اور اس کو سعودی عرب کے متحرک سماجی و اقتصادی منظر نامے کے پس منظر میں بامعنی گفتگو کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں کھیلوں کو بھر پور پذیررائی مل رہی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایس آر ایم جی کی سی ای او جمنا الراشد نے اس حوالے سے کہا: ’یہ سمٹ کھیلوں کے مستقبل کے بارے میں خیالات کے تبادلے اور دنیا بھر میں اس اہم اور پھلتی پھولتی اس صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ سعودی عرب گذشتہ کئی سالوں میں ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ کھیلوں کی صنعت میں جدت اپنانے والوں میں اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے۔ اس سرمایہ کاری نے سیاحت، روزگار کی تخلیق اور ملک اور خطے کی سماجی آبادی پر جو مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اسی وجہ سے ہی ہم نے سعودی عرب میں بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ کی میزبانی کے لیے بلومبرگ میڈیا کے ساتھ شراکت داری کی۔‘
بلومبرگ پاور پلیئرز سمٹ ایس آر ایم جی اور بلومبرگ گروپ کے درمیان تعاون کی تازہ ترین مثال ہے۔ بلومبرگ اور الشرق بزنس نے 2018 میں شراکت داری کے لیے دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے بعد اس میں توسیع کی گئی ہے جس میں کوئیک ٹیک سٹریمنگ نیوز پلیٹ فارم کا عربی ایڈیشن اشارق کوئیک ٹیک اور بلومبرگ کے ساتھ ریڈیو اشرق شامل ہے جو کاروباری خبروں اور مالیاتی امور کے حوالے سے خطے کا پہلا عربی زبان کا ریڈیو سٹیشن ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔