پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
ہفتے کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 177 رنز بنائے، جسے کنگز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر حاصل کر لیا۔
قلندرز کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب مرزا بیگ چار رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقعے پر فخر زمان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر 11 اوور میں سکور 86 رنز تک پہنچا دیا۔
فخر 35 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ شائے ہوپ شفیق کا زیادہ ساتھ نہ دے سکے اور وہ 15ویں اوور میں نو رن پر لوٹ گئے۔
زاہد محمود نے اسی اوور میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کو بھی آؤٹ کر دیا۔ آخری اوورز میں سکندر رضا (22 رنز ناٹ آؤٹ) اور ڈیوڈ ویزے (نو گیندوں پر 24 رنز ناٹ آؤٹ) نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سکور 177 رنز تک پہنچا دیا۔
کراچی کی جانب سے زاہد نے دو جبکہ بلیسنک موزاربانی اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔
کراچی کنگز نے ہدف کا محتاط انداز میں تعاقب شروع کیا۔ دونوں اوپنرز نے 50 رنز کی شراکت دکھائی۔ جیمز وینس آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے جو 42 رنز بنا سکے۔ انہیں طیب عباس نے نشانہ بنایا۔
کراچی نے پہلے 10 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 84 رنز بنا کر میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم قلندرز کے بولرز نے 12ویں، 13ویں اور 15ویں اوور میں کپتان شام مسعود (24 رنز) اور کیرن پولارڈ (تین رنز) اور اوپنر ٹم سیفٹ کو آؤٹ کر کے کم بیک کیا۔
اوپر نیچے تین وکٹیں گرنے پر بھی کراچی کی بیٹنگ لائن دباؤ میں نہ آئی اور عرفان خان اور شعیب ملک نے صرف 25 گیندوں پر 50 رنز بنا ڈالے۔
ان 50 رنز کی شراکت داری میں 33 عرفان جبکہ 15 رنز شعیب ملک نے بنائے۔
شاہین کو دو اوورز میں کافی رنز پڑے لیکن انہوں نے سیکنڈ لاسٹ اوور میں عرفان (16 گیندوں پر 35 رنز) کو بولڈ کر دیا۔ اسی اوور میں بیٹر انور علی کے کیچ کو ٹی وی ایمپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا، جس پر شاہین نے ایمپائر سے کافی بحث بھی کی۔
آخری اوور میں کراچی میں آٹھ رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔
زمان خان نے آخری اوورز میں دو وکٹیں تو لیں لیکن وہ آخری گیند پر شعیب ملک سے چوکا کھا بیٹھے۔ یوں کراچی نے یہ سنسنی خیز میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔
لاہور کے طیب نے دو جبکہ شاہین زمان اور سکندر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔