قلندرز اور سلطانز آخری گیندوں پر زیر ہو گئے

پی ایس ایل کے اتوار کو پہلے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے ملتان سلطانز کو ہرایا جب کہ دوسرے ٹاکرے میں کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز نے لاہور قلندرز کو چت کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیسن رائے اور سعود شکیل 29 فروری 2024 کو کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ کے دوران رن بنا رہے ہیں (اے ایف پی)

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے آج کے دوسرے میچ میں محمد وسیم کے آخری گیند کے چھکے کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز نے لاہور قلندرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

166 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنر سعود شکیل نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور 65 گیندوں پر 88 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جیسن رائے 18 اور کپتان رائلے روسو 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ خواجہ نافع نے 24 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

محمد وسیم نے صرف دو گیندیں کھیلیں مگر ان کا شاہین آفریدی کو آخری پر مارا گیا چھکا فیصلہ کُن رہا۔ جب آخری گیند پر جیت کے لیے چار رنز درکار تھے تو محمد وسیم نے آخری گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو جیت دلا دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور جہانداد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان اور مرزا بیگ لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے۔

صاحبزادہ فرحان نے 25 اور مرزا بیگ نے 12 رنز بنائے جبکہ شائے ہوپ نے بھی 5 رنز ہی بنا سکے۔

لاہور قلندرز کے کپتان نے 34 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر عبداللہ شفیق کے ساتھ بہترین پارٹنرشپ قائم کی۔

عبد اللہ شفیق نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے دو، محمد عامر اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

اتوار کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔ 

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اتوار کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹ پر 228 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے عثمان خان سینچری  بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جانسن چارلس نے 42، یاسر خان نے 33 اور کپتان محمد رضوان نے 20 رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے دیا گیا 229 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر حاصل کیا۔

حیدر علی نے 13 پر 19 اور فہیم اشرف نے 14 پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

آخری گیند پر چوکا لگانے والے عماد وسیم نے 13 گیندوں پر 30 رنز بنا کر  ٹیم کو اہم فتح سے ہمکنار کیا۔ 

یونائیٹڈ کے کولن منرو نے 40 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان نے 31 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ 

ملتان سلطانز کے عباس آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد علی نے دو اور ڈیوڈ ویلے اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز پہلے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، تیمل ملز پر مشتمل ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان یاسر خان، طیب طاہر، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی پر مشتمل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ