سعودی عرب میں اتوار کی شام رمضان کا چاند نظر آگیا جس کے بعد مملکت میں پہلا روزہ پیر (11 مارچ) کو ہو گا۔
سعودی روزنامہ الاخباریہ کے مطابق چاند نظر آنے کی تصدیق رصدگاہ سدیر سے موصول ہوئی۔
ایوان شاہی سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’پیر 11 مارچ، 2024 کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہے‘۔
سپریم کورٹ کے ماتحت رویت ہلال کے ادارے نے بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی توثیق کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سپریم کورٹ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، مملکت کے تمام شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کے شروع ہونے کی مبارک باد دی۔
سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں اتوار کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔ ام القری کیلنڈر کے مطابق اتوار 10 مارچ کو شعبان کی 29 تاریخ ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ مملکت میں جس شخص کو بھی رمضان کا چاند دکھائی دے وہ اپنی گواہی قریب ترین عدالت میں دے۔
’چاند دیکھنے کی گواہی کے لیے اگرعدالت تک جانا ممکن نہ ہو تو قریبی سینٹر سے ٹیلی فون پر چاند دیکھنے کی شہادت کے بارے میں اطلاع دی جائے۔‘
پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر (11 مارچ) کی شام کو پشاور میں ہو گا، جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس رکھا گیا ہے۔
قطر میں بھی پیر کو پہلا روزہ ہو گا۔ انگریزی زبان کے قطری اخبار دی پیننسلا کے مطابق وزارت اوقاف و اسلامی امور کی ہلال رویت کمیٹی نے اتوار کی شام مغرب کی نماز کے بعد اس کا اعلان کیا۔
کمیٹی نے مزید کہا کہ ’آج ملک میں رمضان المبارک کے آغاز کا چاند نظر آگیا ہے۔‘
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔